ایرانی جنرل قاسم سلیمانی پر امریکی حملہ کیخلاف پاکستان بھر میں احتجاج
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کے امریکی حملے میں مارے جانے پر پاکستان کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے، پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، اس موقع پر پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی،
بغداد میں ایران کے معروف کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی کی امریکی حملے میں شہادت کیخلاف مجلس وحدت مسلمین لاہور اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان لاہور ڈویژن کے زیراہتمام لاہور پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں مظاہرین میں خواتین اور بچوں کیساتھ کارکنان کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ مظاہرے کی قیادت مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے رہنما علامہ حسن رضام ہمدانی، مولانا اسد عباس نقوی، مرکزی سیکرٹری جنرل خانم سکینہ مہدوی، آئی ایس او پاکستان کے مرکزی صدر عارف حسین الجنانی اور ڈویژنل صدر حسنین عارف نے کی۔ اس موقع پر آئی ایس او کے مرکزی صدر عارف حسین الجنانی کا کہنا تھا کہ عالم اسلام کے عظیم مجاہد، مدافع حرم سیدہ زینب، مدافع کربلا و نجف حاج قاسم سلیمانی کی شہادت سے ملت اسلامیہ کا عظیم نقصان ہوا ہے اور ایک ایسا خلا پیدا ہوا ہے جو کبھی پر نہیں ہوگا۔
احتجاجی مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے علامہ حسن ہمدانی نے حملہ میں ملوث عالمی استکبار اور جابر شیطان بزرگ امریکہ کے اس جارحانہ فعل کی مذمت کرتے ہوئے اسے دنیا کے امن کیلئے خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ عراق میں امریکی حملہ، بظاہر داعش کی شکست کا انتقام ہے، لیکن یہ المناک سانحہ پورے خطہ کو جنگ میں دھکیلنے کے مترادف ہے۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے مزید کہا کہ عالمی استعمار خوفزدہ ہوکر حریت پسندوں کی آواز کو دبانے کی ناکام کوشش کرتا ہے اور ہمیشہ سے حریت اور آزادی اظہار کیخلاف سازشی عنصر کا کردار ادا کیا ہے، عالم اسلام کے دشمن امریکہ نے ظلم و جبر کی تاریخ میں ایک اور سیاہ باب کا اضافہ کیا ہے حاج قاسم نے اپنی زندگی میں سامراجی طاقتوں کو ناکوں چنے چبوائے اور اْن کی شہادت اور اْن کا خون بھی سامراجی و صہیونی طاقتوں کو چین کی نیند نہیں سونے دیگا۔
قاسم سلیمانی کو ٹرمپ کی ہدایت پر مارا گیا، پینٹا گون، ٹرمپ نے کیا کہا؟
ایرانی جنرل کو مارنے کے بعد امریکہ نے دی شہریوں کو اہم ہدایات
جنرل قاسم سلیمانی کی شہادت، امریکہ نے خطے کا امن داؤ پر لگا دیا، ایسا کس نے کہا؟
ایرانی جنرل پر امریکی حملہ، چین بھی میدان میں آ گیا، بڑا مطالبہ کر دیا
مجلس وحدت مسلمین خیبر پختونخوا اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پشاور ڈویژن کے زیر اہتمام پشاور پریس کلب کے سامنے امریکہ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ مظاہرین نے جنرل قاسم سلیمانی پر امریکی حملے کے خلاف شدید غم وغصے کا اظہار کرتے ہوئے امریکہ کے خلاف نعرے بازی کی۔ شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر امریکہ مخالف نعرے درج تھے۔ ایم ڈبلیو ایم خیبر پختونخوا کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ وحید کاظمی نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ عالم اسلام کا بدترین دشمن ہے، جنرل قاسم سلیمانی کو شہید کر کے امریکہ نے پوری امت مسلمہ کو للکارا ہے، امریکہ کی یہ رعونت اس کی بربادی کی نشاندہی کر رہی ہے۔ احتجاج کے اختتام پر امریکی پرچم کو نذر آتش کیا گیا۔ احتجاجی مظاہرہ سے آئی ایس او پشاور ڈویژن کے جنرل سیکرٹری فیاض حیسن اور مدرسہ شہید کے استاد وکیل حسین نقوی نے بھی خطاب کیا۔
مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پر ملک کے دیگر شہروں کی طرح ملتان میں بھی ایم ڈبلیو ایم اور آئی ایس او کے زیراہتمام سپاہ پاسداران انقلاب کی القدس بریگیڈ کے سربراہ حاج قاسم سلیمانی پر بغداد ایئرپورٹ پر امریکی حملے کے خلاف نماز جمعہ کے بعد جامع مسجد الحسین نیوملتان سے چوک کمہاراں والا احتجاجی ریلی نکالی گئی، احتجاجی ریلی کی قیادت مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی، علامہ غلام مصطفی انصاری، علامہ قاضی نادر حسین علوی، آئی ایس او ملتان کے ڈویژنل صدر شہریار حیدر، مولانا عمراان ظفر، مولانا غلام جعفر انصاری، سلیم عباس صدیقی، مرزا وجاہت علی اور دیگر نے کی۔ ریلی کے شرکاء نے پرچم، پلے کارڈز اور بینرز بھی اُٹھا رکھے تھے۔ ریلی کے شرکاء نے امریکہ، اسرائیل اور داعش کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ اقتدارحسین نقوی نے کہا کہ امریکہ نے ایک بار پھر عالمی قوانین کی خلاف ورزی کی ہے اور ایک ایسے مجاہد جانباز اور شیر دلاور کو شہید کیا ہے جس نے شعائراللہ کی حفاظت کی، داعش کو ناکوں چنے چبوائے اور اسی غم میں امریکہ کو مبتلا کردیا، آج انسانی حقوق کے عالمی ادارے امریکہ کی اس حماقت پر کیوں خاموش ہیں، امریکہ اس خطے میں آگ لگانا چاہتا ہے، امریکہ ایک بار پھر اپنی حماقتوں کی وجہ سے دنیا میں خون کی ہولی کھیلنا چاہتا ہے، امریکہ سن لے ہم اس کی ناپاک سازشوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔