اے این ایف نے نیو اسلام آبادانٹرنیشنل ائیرپورٹ پر دو غیر ملکی باشندوں کو گرفتار کرکے کوکین بھرےاڑھائی کلو گرام سے زائد کیسپول برآمد کرلیے۔
حکام کے مطابق اے این ایف انٹیلجنس کی اطلاع پر نجی ائیرلائن کی پرواز کے ذریعے دوحہ سے اسلام آباد ائیرپورٹ پہنچنے والے 2 نائیجیرین باشندوں اواڈیگو ایڈوین اور اورہ الیاس کو روک کر چیک کیا گیا تو ان کے پیٹ میں کیپسولوں کی موجودگی کا انکشاف ہوا جس ہر انھیں ہسپتال منتقل کرکے 173 کوکین بھرے کیپسول نکالے گئے۔
کیپسول کا مجموعی وزن 2 کلو 9 سو 26 گرام بنتا ہے ۔ ملزمان کو گرفتار کر کے انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر لئے گئے ہیں اور ان سے مزید تفتیش جاری ہے۔
یاد رہے کہ: اسی سال جنوری میں بھی نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے منشیات بیرون ملک اسمگل کیے جانے کی کوشش ناکام بنادی گئی تھی.
اس وقت حکام نے بتایا تھا کہ دوحہ جانے والی قطر ائیرلائن کی پرواز کی بریفنگ جاری تھی کہ اے این ایف انٹیلیجنس نے ائیرپورٹ پر تعینات عملے کے ہمراہ خوشاب سے تعلق رکھنے والے اعجاز نامی مسافر کو چیک کیا۔
ملزم کے پیٹ میں 104 کیپسولز میں سے 8 سو گرام آئس برآمد ہوئی جس پر ملزم کو حراست میں لے لیاگیا تھا