اسلام آباد پولیس مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے ڈرون استعمال کرے گی۔

اسلام آباد پولیس کی جانب سے ٹوئٹر پرجاری بیان کے مطابق کیپیٹل پولیس نے امن و امان کے قیام کے لئے عوامی اجتماعات کو محدود اورمنظم رکھنے کے لئے جدید تکنیکی صلاحیت حاصل کرلی ہے.


اسلام آباد پولیس کے مطابق: مستقبل میں مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے غیر مہلک شیل پھینکنے والے ڈرون استعمال کئے جائیں گے۔ ڈرون کے استعمال سے مظاہرین کو محدود اور منظم کرنے میں مدد ملے گی۔

اسلام آباد پولیس میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال

خیال رہے کہ چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد کی زیر صدارت گزشتہ جولائی میں سی ڈی اے ہیڈ کوارٹرز میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا تھا۔ جس میں میٹرو کوریڈور کی نگرانی کے لئے سیکیورٹی کیمروں اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے منصوبوں پر غور کیا گیا تھا.

واضح رہے کہ اس اجلاس میں اسلام آباد پولیس کے انسپکٹر جنرل سمیت دیگر متعلقہ فارمیشنز کے افسران نے بھی شرکت کی تھی. اجلاس میں سیکیورٹی کیمروں کی تنصیب اور میٹرو کوریڈور کی نگرانی کے لئے ٹیکنالوجی کے استعمال کے منصوبے پر غور کیا گیا تھا. اجلاس کے دوران یہ بھی فیصلہ کیا گیا تھا کہ اسلام آباد ہائی وے پر سمارٹ ٹریفک مینجمنٹ سسٹم کو آئی سی ٹی پولیس کے حوالے کیا جائے گا.

جبکہ سی ڈی اے مزید کیمروں کی تنصیب میں آئی سی ٹی پولیس کی مدد کرے گا۔ مزید فیصلہ کیا گیا تھا کہ مارگلہ ہائی وے پر سمارٹ ٹریفک سسٹم اسلام آباد پولیس کے ذریعے نافذ کیا جائے گا۔اجلاس میں مزید یہ فیصلہ بھی کیا گیا تھا کہ آئی سی ٹی انتظامیہ اسلام آباد پولیس اور سی ڈی اے کے باہمی تعاون سے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے اسلام آباد کو محفوظ دارلحکومت میں تبدیل کیا جائے گا۔

Shares: