اسلام کا مزاج؟ — عبدالقدیر رامے

0
48

کچھ جملے فیس بک اور یوٹیوب کی دنیا میں ویڈیو ٹائیٹل پر دیکھے تھے فلاں حضرت نے وہابیوں کی چھترول کی دی.. فلاں حضرت نے بریلویوں کی بینڈ بجا دی.. فلاں حضرت نے دیوبندیوں کے پھٹے اکھاڑ دیے.. فلاں حضرت نے شیعوں کی کلاس لگا دی.. حیاتی ممامتی ایک دوسرے پر چڑھ گئے وغیرہ وغیرہ

وقت گزرنے کے ساتھ اسی مزاج کو اسلام کا مزاج سمجھ لیا گیا لیکن حقیقت میں اس کا اسلام سے اتنا ہی تعلق ہے جتنا کہ ہمارے ہاں رائج فرقوں کا اسلام سے تعلق ہے

اسی سلسلے کا ایک جملہ..

فیفا کپ کا آغاز تلاوتِ کلام پاک سے ہوا.. مغرب اور لبرلز کے منہ پر طمانچہ..

یہ جملہ کوئی چھ سو مرتبہ پڑھ چکا ہوں.. سوچ رہا ہوں کہ اس ملائیت زدہ معاشرے کے نزدیک قرآن کی کیا حیثیت ہے؟ ان کے نزدیک قرآن مجید کا مقصد طمانچے لگانا ہے؟

آئیے قرآن کی روشنی میں دیکھتے ہیں

قرآن کے نزول کا مقصد

ذٰلِكَ الْكِتَابُ لَا رَيْبَ ۖ فِيْهِ ۚ هُدًى لِّلْمُتَّقِيْنَ

یہ وہ کتاب ہے جس میں کوئی بھی شک نہیں، پرہیز گاروں کے لیے ہدایت ہے۔

شَهْرُ رَمَضَانَ الَّذِيْ اُنْزِلَ فِيْهِ الْقُرْاٰنُ هُدًی لِّلنَّاسِ وَبَيِّنٰتٍ مِّنَ الْهُدٰی وَالْفُرْقَانِ.

’’رمضان کا مہینہ (وہ ہے) جس میں قرآن اتارا گیا ہے جو لوگوں کے لیے ہدایت ہے اور (جس میں) رہنمائی کرنے والی اور (حق و باطل میں) امتیاز کرنے والی واضح نشانیاں ہیں‘‘۔

نبی اکرم صل اللہ علیہ والہ وسلم کی بعثت کا مقصد

وَمَآ أَرْسَلْنَٰكَ إِلَّا رَحْمَةً لِّلْعَٰلَمِينَ
اور ہم نے آپ کو تمام جہان والوں کے لئے رحمت ہی بنا کر بھیجا ہے ۔

امت مسلمہ کا مقصد

كُنْتُمْ خَیْرَ اُمَّةٍ اُخْرِجَتْ لِلنَّاسِ تَاْمُرُوْنَ بِالْمَعْرُوْفِ وَ تَنْهَوْنَ عَنِ الْمُنْكَرِ وَ تُؤْمِنُوْنَ بِاللّٰهِ

تم بہترین امت ہو جو لوگوں (نفع رسانی) کے لئے ظاہر کی گئی، تم بھلائی کا حکم دیتے ہو اور برائی سے منع کرتے ہو اور اللہ پر ایمان رکھتے ہو

تبلیغ کا طریقہ

قُلۡ ہٰذِہٖ سَبِیۡلِیۡۤ اَدۡعُوۡۤا اِلَی اللّٰہِ ۟ ؔ عَلٰی بَصِیۡرَۃٍ اَنَا وَ مَنِ اتَّبَعَنِیۡ ؕ وَ سُبۡحٰنَ اللّٰہِ وَ مَاۤ اَنَا مِنَ الۡمُشۡرِکِیۡنَ

آپ کہہ دیجئے میری راہ یہی ہے میں اور جو میری اتباع کرنے والے ہیں ـ اللہ کی طرف بلا رہے ہیں بصیرت کے ساتھ ۔ اور اللہ پاک ہے اور میں مشرکوں میں نہیں ۔

حکمت اور بصیرت اول ہے اگر قطر میں فیفا کپ کا آغاز تلاوتِ کلام پاک سے ہوا اور شائقینِ فٹبال لوگ اسلام قبول کر رہے ہیں تو بہت اچھا ہے یہی حکمت اور بصیرت ہے جس کا مظاہرہ قطر کے عوام اور وہاں کی انتظامیہ کر رہی ہے

لیکن پاکستانیوں کے اس طمانچے والے رویے سے کتنے ہی لوگ ہیں جو بدظن ہوتے ہیں اور مزید ہٹ دھرمی پر اترتے ہیں ان کی کیلکولیشن بھی کرتے جائیں..

اپنے رویے کو تبدیل کریں.. انسان سے نفرت کو دل سے نکالیں..

حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے جنگ کے دوران ایک دشمن کو گرایا اس کا سر کاٹنے لگے تو اس شخص نے آپ رضی اللہ عنہ کے چہرہ پر تھوک دیا.. آپ رضی اللہ عنہ اسے وہیں چھوڑ کر واپس چل دیے.. اس نے اٹھ کر پیچھے بھاگ کر روک کر پوچھا کہ مجھے قتل کیوں نہیں کیا؟ فرمایا جب تو نے مجھ پر تھوکا تو مجھے غصہ آ گیا.. میں تجھے اللہ کیلئے قتل کرنا چاہتا تھا لیکن جب میرا ذاتی غصہ شامل ہو گیا تو میں نے تجھے قتل نہیں کیا.. اس شخص نے کہا چلیں پھر یہی بات ہے تو مجھے بھی اس دین میں شامل کر لیں جس کے آپ ماننے والے ہیں..

جنگ کیلئے آئے شخص کو کلمہ پڑھا دیا.. یہ ہوتی ہے حکمت اور بصیرت..

وہ نہیں جو ہمارے فیس بک اور یوٹیوب کے مجاہدین لکھتے ہیں قرآن کی تلاوت سے آغاز اور زناٹے دار طمانچہ.. اسلام کی بات کرنے کیلئے الفاظ کا انتخاب درست کریں تاکہ آپ کی باتوں میں اثر پیدا ہو..

Leave a reply