اسرائیل کو تسلیم کرنے کا معاملہ بحرینی وزیر خارجہ واشنگٹن پہنچ گئے

باغی ٹی وی : بحرین کے وزیر خارجہ عبداللطیف الزیانی امریکا کے دارالحکومت واشنگٹن پہنچ گئے ہیں۔ وہ منگل 15 ستمبر کو وائٹ ہاؤس میں متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے درمیان امن معاہدے پر دستخط کی تقریب میں شرکت کریں گے۔ اس موقع بحرین اور اسرائیل کے درمیان امن سمجھوتے پر بھی دستخط ہوں گے۔ تقریب میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، امارات کے وزیر خارجہ و بین الاقوامی تعاون شیخ عبداللہ بن زائد آل نہیان ، اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو اور امریکی حکومت کے سینئر عہدے داران موجود ہوں گے۔

اس سے قبل اتوار کی شام اماراتی وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زائد آل نہیان اسرائیل کے ساتھ امن معاہدے پر دستخط کی تقریب میں شرکت کے لیے واشنگٹن پہنچے تھے۔

یاد رہے کہ دو روز قبل بحرین، امریکا اور اسرائیل کی جانب سے مشترکہ بیان جاری ہوا تھا۔ بیان میں بتایا گیا تھا کہ بحرین اور اسرائیل کے درمیان مکمل سفارتی تعلقات کے قیام پر اتفاق رائے ہو گیا ہے۔

واضح‌ رہے کہ خبر رساں ادارے کے مطابق بحرین اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) 15 ستمبر کو وائٹ ہاؤس میں اسرائیل کے ساتھ معاہدے پر دستخط کریں گے۔ اس سے قبل اسرائیل اور عرب ممالک کے درمیان قربتیں بڑھنے لگیں، متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے اسرائیل کیساتھ تعلقات استوار کر لیے تھے۔ یو اے ای اور اسرائیل کے درمیان امن معاہدہ ہوا تھا۔

برطانوی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق یہ معاہدہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے تعاون سے ہوا، معاہدے کے مطابق اس کے نتیجے میں اسرائیل مقبوضہ غرب اردن کے مزید علاقے اسرائیل میں ضم کرنے کے منصوبے کو معطل کر دے گا۔

بحرین ،اسرائیل سفارتی تعلقات، ایران نے اپنا رد عمل دے دیا

Shares: