فلسطینی اداکارہ مائیسہ عبد الہادی کو اتوار کے روز حائفہ میں اسرائیلی فورسز نے گولی مار دی تھی جس سے وہ شدید زخمی ہو گئیں-
باغی ٹی وی :غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق 35 سالہ اداکارہ کو ایک مظاہرے کے دوران اسرائیلی پولیس نے اس وقت زخمی کیا کہ جب مسجد اقصٰی پر اسرائیل کی سیکیورٹی فورسز کے حملوں کے بعد خطے میں تناؤ بڑھ گیا تھا۔
مائیسہ عبد الہادی مشرقی یروشلم کے پڑوس میں شیخ جرح کے متعدد فلسطینی خاندانوں کو زبردستی گھروں سے بے دخل کرنے پر احتجاج کر رہی تھیں۔
ایمبولینس کے پچھلے حصے میں زخمی مائیسہ عبد الہادی کی ایک تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔
اس واقعے کے بعد ،اداکارہ نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر مداحوں کا شکریہ اداکرتے ہوئے لکھا کہ جنہوں نے میری مدد کی اور میری دیکھ بھال کیا ان کا شکریہ –
اداکارہ نے مزید لکھا کہ ’وہ بالکل ٹھیک ہیں ، لیکن ان کی ٹانگ زخمی ہوگئی تھی۔
واضح رہے کہ فلسطینی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ غزہ پر اسرائیل کی وحشیانہ بمباری سے اب تک جاں بحق فلسطینیوں کی تعداد 36 ہوگئی ہے، 13 بچے اور مزاحمتی تنظیموں کے کئی رہنما بھی شہداء میں شامل ہیں، ایک ہزار سے زائد افراد زخمی، درجنوں عمارتیں مٹی کا ڈھیر بنادی گئی ہیں۔
حماس کی جانب سے بھی جواب میں راکٹوں کی برسات ہوئی جس کے نتیجے میں اشکیلون میں تیل کی پائپ لائن میں آگ لگ گئی، بس تباہ، تین اسرائیلی ہلاک جبکہ 70 زخمی ہوگئے۔
جبکہ مقبوضہ بیت المقدس کے علاقے عین الوزہ میں بھی شدید جھڑپیں جاری ہیں-