جوبائیڈن کی حمایت پر اسرائیل غزہ میں جارحیت کو طول دے رہا ہے،ممبر یورپی پارلیمنٹ

عوامی عدالت میں اسرائیل کی شکست ہوچکی ہے,کلیئر ڈیلی
0
136
clerdelly

آئرلینڈ کی یورپی پارلیمنٹ کی رکن کلیئر ڈیلی نے کہا ہے کہ امریکی صدر نے اسرائیل کی بے جا حمایت کرکے خود کو قصاب ثابت کردیا۔ وہ اپنے آبا و اجداد کا تعلق آئر لینڈ سے کرنے سے باز رہیں۔

باغی ٹی وی: یورپی پارلیمنٹ میں اپنے خطاب میں آئرلینڈ کی رکن کلیئر ڈیلی نے غزہ میں معصوم لوگوں کی ہلاکتوں پر امریکی صدر جوبا ئیڈن اور اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو پر کڑی تنقید کی کہا کہ عوامی عدالت میں اسرائیل کی شکست ہوچکی ہے لیکن وہ زمینی حقائق کو تسلیم کرنے کے بجائے تنازعات کو ہوا دینے کے لیے مایوس کن کارروائیوں کا سہارا لے رہا ہے،اتنی طاقت استعمال کرنے کے باوجود وہ عوامی رائے میں بھی ہار چکا ہے-

کلیئر ڈیلی نے کہا کہ جوبائیڈن کی حمایت پر اسرائیل غزہ میں جارحیت کو طول دے رہا ہے کلیئر ڈیلی نے ارسلا وان ڈیر لیین اور جرمنی کو بین الاقوامی عدالت انصاف میں اسرائیل کی حمایت کرنے پر بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یورپ کے لوگ ہمارے نام پر نہیں بلکہ فلسطین اور عالمی عدالت میں غزہ کا کیس لڑنے والے جنوبی افریقا کے ساتھ کھڑے ہیں۔

دوسری جانب غزہ میں اسرائیل کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی تحقیقات کے لیے امریکی سینیٹ میں پیش کی گئی قرارداد کثرتِ رائے سے مسترد کردی گئی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی سینیٹ میں برنی سینڈرز نے گزشتہ ماہ غزہ میں اسرائیل کی سنگین خلاف ورزیوں کی تحقیقات کرانے کے لیے قرارداد پیش کی تھی جس پر آج رائے شماری کی گئی سینیٹر برنی سینڈر کی قرارداد میں امریکی وزارت خارجہ سے مطالبہ کیا گیا تھا کہ وہ عالمی قوانین کے تحت غزہ میں اسرائیلی فوجیوں کی غزہ میں سنگین خلاف ورزیوں کی تحقیقات کرائیں، تاہم رائے شماری کے دوران امریکی سینٹ کے 100 میں سے صرف 11 ارکان نے تحقیقات کرانے کے مطالبے کی حمایت کی جب کہ 72 نے مخالفت میں ووٹ ڈالا۔

واضح رہے کہ امریکی سینیٹ میں حکمراں جماعت ڈیوکریٹس کو اپوزیشن جماعت ریپبلکن پر معمولی برتری حاصل ہے تاہم آج کی رائے شماری میں دونوں جانب سے اسرائیل کے حق میں ووٹ دیئے گئے،قبل ازیں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں غزہ کی صورت حال پر پیش کی گئی قرارداد کو بھی امریکا نے ویٹو کردیا تھا۔

Leave a reply