نواز شریف نے پارٹی کے انتخابی بیانیے کی باقاعدہ منظوری دے دی

بیمار اور لاغر معیشت کی بحالی کے لئے شارٹ ٹرم اور لانگ ٹرم منصوبہ جات کا اعلان کیا جائے گا
0
121

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے آئندہ عام انتخابات کے لیے پارٹی کے انتخابی بیانیے کی باقاعدہ منظوری دے دی،جبکہ ان کے انتخابی مہم میں اب تک نہ اترنے کی وجہ بھی سامنے آ گئی۔

باغی ٹی وی: پارٹی ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف زمینی حقائق کے مطابق معیشت بحالی کا روڈ میپ لے کر انتخابی مہم میں اترنا چاہ رہے تھے، پارٹی کے معیشت بحالی کے روڈ میپ کی منظوری کے بعد پارٹی بھرپور انتخابی مہم کے لئے مکمل تیار ہے نواز شریف کل حافظ آباد جلسے میں پارٹی کے انتخابی بیانیے کے نکات کے ساتھ انتخابی مہم کا آغاز کریں گے، نواز شریف انتخابی بیانیے میں معاشی بحالی کے روڈ میپ کا اعلان کریں گے مریم نواز بھی قائد نواز شریف کے ہمراہ حافظ آباد جلسے میں جائیں گی، پارٹی کے انتخابی بیانیے کے 3 بنیادی نکات ہوں گے۔

پارٹی ذرائع نے بتایا کہ انتخابی بیانیے کے مطابق اقتدار ملنے کی صورت میں پہلے 3 ماہ میں ہی عوام کو بجلی و گیس سمیت بھاری یوٹیلیٹی بلوں میں فوری ریلیف دیا جائے گا اور معیشت کی فوری بحالی کے لیے جنگی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں گے،معیشت بحالی میں آئی ٹی اور ٹیلی کام سیکٹرز میں اہداف طے کر کے ترجیحات کے مطابق فوری نتائج حاصل کیے جائیں گے، بیمار اور لاغر معیشت کی بحالی کے لئے شارٹ ٹرم اور لانگ ٹرم منصوبہ جات کا اعلان کیا جائے گا اور شارٹ ٹرم منصوبے کے تحت عوام کو فوری ریلیف کے مختلف منصوبے شروع کیے جائیں گے۔

پارٹی ذرائع کا کہنا تھا کہ انتخابی بیانیے میں لانگ ٹرم منصوبے کے تحت قوم کو مہنگے غیرملکی قرضوں سے نجات، غیر ملکی سرمایہ کاری اور زرمبادلہ کے ذخائر بڑھانے پر توجہ دی جائے گی اور نواز شریف کے سابقہ ادوار کے ترقیاتی منصوبوں کو اجاگر کیا جائے گا انتخابی بیانئے میں عوام کے مسائل کے حل کے لیے امید جگائی جائے گی جبکہ پی ٹی آئی دور حکومت کی ناکامیوں کو بھی انتخابی بیانیے کا حصہ بنایا جائے گا۔

پارٹی ذرائع کا کہنا تھا کہ ”ووٹ کو عزت دو“ اور ”شیر کو ووٹ دو“ کو انتخابی بیانیے کا حصہ بنایا جائے گا، ”پاکستان کے لئے“ بھی انتخابی بیانیے کا واضح نعرہ ہو گا، ”پاکستان کو نواز دو“ انتخابی بیانیے کا بنیادی نعرہ ہو گا جبکہ ”مئی والے بمقابلہ 28 مئی والے“ کا نعرہ بھی انتخابی مہم کا حصہ ہو گا۔

Leave a reply