بالی وڈ اداکارہ جیکولین فرنینڈس کو 200 کروڑ روپے کے منی لانڈرنگ کیس میں ضمانت مل گئی ہے۔ اداکارہ نے مبینہ طور پر یہ کہتے ہوئے ضمانت کی درخواست کی تھی کہ ان کی تحویل کی کوئی ضرورت نہیں ہے کیونکہ تفتیش پہلے ہی مکمل ہوچکی ہے اور چارج شیٹ داخل کی جاچکی ہے۔تازہ ترین اطلاعات یہ ہیں کہ دہلی کی ایک عدالت نے جیکولین فرنینڈس کو ضمانت دے دی ہے اور یہ حکم خصوصی جج شیلیندر ملک نے سنایا ہے۔ عدالت نے اداکارہ کی 26 ستمبر کو عبوری ضمانت منظور کی تھی۔ جیکولین فرنینڈس کو منی لانڈرنگ کیس کی تحقیقات کے سلسلے میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے متعدد بار طلب کیا تھا۔ سپلیمنٹری چارج شیٹ میں اسے پہلی بار ملزم کے طور پر نامزد کیا گیا تھا۔
اداکارہ نے ضمانت کی درخواست دائر کی تھی، جس کی ای ڈی نے مخالفت کی اور کہا کہ اداکارہ ملک سے فرار ہو سکتی ہے۔واضح رہے کہ اداکارہ جیکولین فرنینڈس پر اپنے بوائے فرینڈ سکیش چندر شیکھر سے مہنگے تحائف وصول کرنے کے الزامات ہیں جبکہ چندر شیکھر کروڑوں روپے کے بھتے وصول کرنے کے الزام میں جیل میں قید ہے انہیں رواں برس مئی میں گرفتار کیا گیا تھا۔اس کیس کی وجہ سے اداکارہ کی فین فالونگ میں کافی کمی آئی ہے اور اس کے علاوہ ان کے ہاتھ سے اہم پراجیکٹس نکل گئے ہیں.