نائب امیرجماعت اسلامی کراچی ڈاکٹر اسامہ رضی نے کہا ہے کہ جمعیت سیاسی کارکنوں کی تربیت و تیاری کا واحد ادارہ ہے ۔ جمعیت جس نصب العین کا تعین کرتی ہے ،جماعت اسلامی اس کی تکمیل کرتی ہے ۔ اسلامی انقلاب کی جدوجہد زندگی کانصب العین ہے ۔ جمعیت اس عہد میں اللہ کی سب سے بڑی نعمت ہے ۔ جمعیت سے فراغت حاصل کرنے کے بعد جماعت اسلامی میں فوری شمولیت کی بجائے تاخیر کرنے سے مروجہ نظام فرد کو اسی طرح اچک لیتا ہے جس طرح ریوڑ سے علیحدہ ہونے والی بکری کو بھیڑیا اچک لیتا ہے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ نورحق میں اسلامی جمعیت طلبہ سے گزشتہ دو سیشنز میں فارغ ہونے والے ارکان جمعیت کے اعزاز میں دیے جانے والے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ ۔استقبالیہ میں تقریب میں گزشتہ دو سیشنز میں جمعیت سے فارغ ہونے والے ارکان سمیت تمام اضلاع سے احباب جمعیت کے کوآرڈینیٹرز نے بھی شرکت کی ۔
انہون نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی یوتھ کا پلیٹ فارم بھی نوجوانوں کو جماعت اسلامی سے وابستہ کرنے کا ایک بڑا ذریعہ ہے ۔ جمعیت کے دور میں حاصل ہونے والی تربیت زندگی بھر کارگر رہتی ہے ۔ جمعیت تحریک اسلامی کا ایک اہم جز ہے اور اس ہی ذریعے سے تحریک میں نئی افرادی قوت کا اضافہ ہوتا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی رکنیت حاصل کرنا اب پہلے کے مقابلے میں اس لیے زیادہ آسان ہے کیونکہ جماعت اسلامی میں جمعیت کی بڑی تعداد موجود ہے جس سے جنریشن گیپ کا مسئلہ ختم ہوگیا ہے ۔

Shares: