ملتان۔ (APP) سینئر سیاست دان اور سابق وفاقی وزیر مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ کشمیری عوام اپنی منزل کے قریب ہیں۔ میری دلی خواہش تھی کہ میں کشمیریوں کی جدوجہد میں عملی حصہ لوں اور کشمیر کے محاذ پر جام شہادت نوش کروں۔میری یہ خواہش تو پوری نہیں ہوسکی لیکن مجھے یقین ہے کہ آزادی کشمیر کا خواب میں اپنی زندگی میں پورا ہوتا دیکھوں گا۔کشمیریوں کو آزادی ضرورملے گی اوران کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ APP سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 27اکتوبر1947وہ دن ہے جب ہندوستان کی فوج نے کشمیر پر قبضہ کیا۔اس کے بعد 5اگست2019کو کشمیر کی خصوصی حیثیت بھی ختم کردی گئی۔ آرٹیکل 370کے تحت شیخ عبداللہ نے ایک معاہدے کے تحت بھارت کو کشمیر میں اپنا پرچم لہرانے کی اجازت دی تھی اورنیشنل کانگریس بھارت کے ساتھ کھڑی تھی۔اب یہ رشتہ بھی ٹوٹ چکا ہے۔مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت حل ہونا چاہیے۔ اقوام متحدہ کی قراردادوں میں کشمیر سے زیادہ مضبوط کوئی اور مقدمہ نہیں ہم اپنی غلطیوں کی وجہ سے کشمیریوں کے لیے بھی مشکلات پیدا کرتے رہے۔کشمیریوں نے اپنی آزادی کے لیے خون کی ندیاں بہادیں۔میں سلام پیش کرتا ہوں مقبول بٹ اور برہان وانی جیسے کشمیری نوجوانوں کو جنہوں نے اپنی جانیں قربان کرکے یہ مسئلہ دوبارہ زندہ کردیا۔انہوں نے کہاکہ پاکستان میں جب بھی سیاسی عدم استحکام پیدا ہوتا ہے یہ مسئلہ پس پشت چلا جاتا ہے۔پاکستانی قوم مسئلہ کشمیر پر جتنی یکسو ہے کسی اور مسئلے پر نہیں اور مجھے اسی لئے یقین ہے کہ میں اپنی زندگی میں کشمیریوں کی آزادی ضرور دیکھوں گا۔

Shares: