پاکستانی معروف ماڈل و اداکارہ آمنہ الیاس کا کہنا ہے کہ جب بھی کوئی ویڈیو بناتی ہوں تو اس کا مقصد ہوتا ہے کہ لوگ اس سے کچھ سبق حاصل کریں۔

باغی ٹی وی : آمنہ الیاس رنگت کی بنیاد پر تعصب کے خلاف کافی متحرک رہی ہیں اور اب وہ اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے ذریعے مختلف سماجی مسائل کو اجاگر کرتی نظر آتی ہیں جس پر انہیں مداحوں کی جانب سے کافی سراہا جاتا ہے-

اردو نیوز کو دیئے گئے انٹرویو کے دوران اداکارہ و ماڈل سے جب پوچھا گیا کہ سوشل میڈیا پر سماجی مسائل کے بارے میں ویڈیوز بنانے کا خیال کیسے آیا تو انہوں نے بتایا کہ لاک ڈاﺅن کے دنوں میں سب کچھ تو بند تھا لہذا ہر کوئی سوشل میڈیا پر ہی زیادہ متحرک تھا تو میں شروع میں ازراہ مزاق ویڈیوز بنا کر اپ لوڈ کرتی رہی لیکن جب لوگوں کا اچھا ریسپانس ملا تو مجھے لگا کہ باقاعدہ کسی آئیڈیا پر کام ہونا چاہیے پھر میں نے اپنی ٹیم کے ساتھ مل کر آئیڈیاز پر کام کرنا شروع کیا۔

آمنہ الیاس نے کہا کہ جب بھی کوئی ویڈیو بناتی ہوں تو اس کا مقصد ہوتا ہے کہ لوگ اس سے کچھ سبق حاصل کریں۔ بامعنی کانٹینٹ (مواد) یقینا لوگوں کی توجہ اپنی طرف کھینچتا ہے۔ میری کوشش ہوتی ہے کہ ویڈیو میں مزاح بھی ہو اور دیکھنے والے کو بات بھی سمجھ میں آجائے۔

اداکارہ و ماڈل آمنہ الیاس کا کہنا تھا کہ آج میں جس مقام پر ہوں بہت خوش دھکے تو نہیں کھانے پڑے لیکن محنت بہت زیادہ کی ہے۔ میں نے اپنا رویہ نہایت ہی پروفیشنل رکھا اور غلط کو غلط صحیح کو صحیح کہا اور صرف کام پر فوکس کیا۔

Shares: