مزید دیکھیں

مقبول

مصطفیٰ عامر قتل کیس،ارمغان کے ریمانڈ میں توسیع

کراچی کے علاقے ڈیفنس میں قتل کئے گئے مصطفیٰ...

پیوٹن کا روس یوکرین جنگ بندی پر اتفاق

ماسکو میں ایک بیان کے دوران پیوٹن نے عندیہ...

جمائما گولڈ اسمتھ نے’دی کراؤن‘ سیریز کی ٹیم سے علیحدگی اختیار کرلی

وزیر اعظم عمران خان کی سابق اہلیہ برطانوی فلم ساز و لکھاری جمائما گولڈ اسمتھ نے معروف اور متنازع ویب سیریز ’دی کراؤن‘ کے آنے والے پانچویں سیزن کی عکس بندی و کہانی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سیریز کی ٹیم سے علیحدگی اختیار کرلی۔

باغی ٹی وی : جمائما گولڈ اسمتھ ’دی کراؤن‘ کے پانچویں سیزن کی شریک لکھاری ہیں، تاہم اب انہوں نے کہا ہے کہ ویب سیریز میں ان کی سہیلی لیڈی ڈیانا کے واقعات کو ناشائستہ انداز میں دکھایا جا رہا ہے، جس وجہ سے وہ ٹیم سے علیحدگی اختیار کر رہی ہیں۔

برطانوی اخبار ’دی ٹائمز‘ کے مطابق جمائما گولڈ اسمتھ نے ’دی کراؤن‘ کے پانچویں سیزن کی کہانی اور عکس بندی پر خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ٹیم کو کہا ہے کہ ان کا نام بطور لکھاری ہٹادیا جائے۔

جمائما گولڈ سمتھ نے کہا کہ ان سے ویب سیریز کے تخلیق کار پیٹر مورگن نے پانچویں سیزن کی کہانی لکھنے کی درخواست کی اور انہوں نے لیڈی ڈیانا کی بہترین سہیلی ہونے کے ناطے سکرپٹ پرستمبر 2020 ءسے فروری 2021 ءتک کام کیا ، انہیں توقع تھی کہ سیریز کی ٹیم ان کی توقعات کے مطابق ہی کہانی کو پیش کرے گی لیکن پانچویں سیزن میں لیڈی ڈیانا کی کہانی ان کی توقعات کے برخلاف دکھائی جا رہی ہے، جس وجہ سے وہ سیریز سے الگ ہو رہی ہیں اور انہوں نے ’دی کراؤن‘ کی ٹیم کو لکھاریوں کی فہرست سے اپنا نام نکالنے کی درخواست کی ہے۔

دوسری جانب ’دی کراؤن‘ کے ایک ترجمان نے ’دی ٹائمز‘ کو بتایا کہ جمائما کے ساتھ انہوں نے لکھاری کے طور پر کوئی معاہدہ نہیں کیا تھا جمائما گولڈ اسمتھ شروع سے ہی ’دی کراؤن‘ کی حمایتی رہی ہیں مگر پانچویں سیزن میں انہیں بطور لکھاری شامل کرنے کا کوئی معاہدہ ہوا ہی نہیں تھا، تاہم انہوں نے تسلیم کیا کہ انہوں نے کہانی پیش کرنے میں مدد فراہم کی۔

ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ ’دی کراؤن‘ کے پانچویں سیزن میں لیڈی ڈیانا کی زندگی کے کس حصے کو جمائما گولڈ اسمتھ کی توقعات کے برخلاف دکھایا گیا ہے ذرائع کے مطابق پانچویں سیزن میں لیڈی ڈیانا کی شادی کے آخری سال، ہارٹ سرجن اور دوسرے کاروباری شخص سے معاشقے سمیت ان کے کار حادثے کے واقعات کو دکھایا جائے گا۔

پانچویں سیزن کی شوٹنگ جاری ہے اور ممکنہ طور پر اسے آئندہ برس نومبر یا دسمبر میں ریلیز کیا جائے گا جس میں لیڈی ڈیانا کا کردار آسٹریلوی اداکارہ ایلزبتھ ڈبیکی ادا کرتی دکھائی دیں گی-

’دی کراؤن‘ سیریز کی مرکزی کہانی ملکہ برطانیہ ایلزبتھ دوئم کی زندگی پر مبنی ہے اور سیریز کا آغاز ہی ان کی جوانی، شادی اور تخت سنبھالنے سے ہوتا ہے سیریز میں نہ صرف شاہی محل میں ہونے والی سازشوں اور معاشقوں کو دکھایا گیا بلکہ اس میں برطانوی شاہی خاندان کے دنیا بھر کی سیاست پر پڑنے والے اثرات کے اہم واقعات کو بھی دکھایا گیا ہے۔

مذکورہ سیریز کا پہلا سیزن 2016 میں جاری کیا گیا تھا، پہلے سیزن میں 1947 سے 1955 کے شاہی خاندان کا دور دکھایا گیا تھا ’دی کراؤن‘ کا دوسرا سیزن 2017 میں ریلیز کیا گیا تھا جس کی کہانی 1956 سے 1964 کے عرصے کے دوران گھومتی ہے ’دی کراؤن‘ سیریز کا تیسرا سیزن نومبر 2019 میں ریلیز ہوا اور اس میں 1964 سے 1977 کا دور دکھایا گیا تھا ویب سیریز کا چوتھا سیزن گزشتہ برس نومبر میں ریلیز کیا گیا تھا، جس میں 1977 سے لے کر 1986 یا 1988 تک کا دور دکھایا گیا اب پانچویں سیزن میں 1988 سے لے کر 1999 تک کا دور دکھائے جانے کا امکان ہے۔

مذکورہ سیزن کے بعد ’دی کراؤن‘ کا آخری چھٹا سیزن بھی جاری کیا جائے گا اور تمام سیزنز کی مرکزی کہانی ملکہ برطانیہ کے گرد گھومے گی۔