جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ نے بھی کراچی ٹیسٹ کی حمکت عملی بتادی
باغی ٹی وی : جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مارک باؤچر نے کہا ہے کہ منگل سے شروع ہونے والے کراچی ٹیسٹ کے لیے اپنی تیاری کرلی ہے، پہلا ٹیسٹ جیت کر سیریز میں سبقت حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔
ورچوئل پریس کانفرنس میں بات کرتے ہوئے جنوبی افریقا کے ہیڈکوچ مارک باؤچر نے کہا کہ دو میچز پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کے ابتدائی مقابلے میں نقصان کے ساتھ آگے نہیں جانا چاہیں گے،پاکستان کرکٹ اچھی ہے، میزبان سائیڈ نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑیوں کا امتزاج ہے، پاکستان کے خلاف اچھی تیاری کی ہے، سیریز کو ہر گز آسان نہیں لیں گے، سیریز میں اچھے مقابلے دیکھنے کو ملیں گے، میچ میں ٹاس جیتنے کی بھی اہمیت ہوگی۔
مارک باؤچر کا کہنا تھا کہ سیکور ببل کے اب عادی ہوگئے ہیں لیکن یہ سلسلہ جتنا جلدی ختم ہو اچھا ہے، ہم جب کھیلنے آتے تھے اس وقت کنڈیشن مختلف ہوا کرتی تھیں، اب پاکستان کی کنڈیشنز کچھ مختلف ہیں، سیریز میں ریورس سوئنگ ایک اہم ہتھیار ہوسکتی ہے، ہم نے کراچی ٹیسٹ کے لیے کمبی نیشن بنالیا ہے، ابھی کمبی نیشن کے بارے میں نہیں بتاسکتے، کل میچ میں کچھ سرپرائز بھی ہوسکتے ہیں۔
جنوبی افریقا کے ہیڈکوچ نے کہا کہ ہم میچ میں 20 وکٹیں لینے کے لیے جائیں گے،دفاعی حکمت عملی نہیں اپنائیں گے،پہلی اننگز میں بڑا اسکور بہت اہمیت کا حامل ہوگا، ایشیا میں پہلے کھیلتے ہوئے بڑی اننگز کھیلنا بہت ضروری ہے، بابر اعظم بہت اچھے پلئیر ہیں، لیکن کسی ایک پلئیر کو ٹارگٹ نہیں کیا، مجھےاپنے کھلاڑیوں پر مکمل بھروسہ ہے،ایشیا میں گزشتہ شکستوں سے سبق سیکھا ہے، ہمیں یہاں تیاری کا اچھا موقع ملا، اچھی سہولیات ملیں، سیکورٹی اقدامات سے زیادہ مشکلات نہیں ہوئیں۔
ادھر بابراعظم نے ورچوئل پریس کانفرنس میں کہا کہ کراچی ٹیسٹ کے لیے مکمل طورپرتیارہیں، پلیئنگ الیون میں نے ہی تشکیل دینی ہے، کھلاڑیوں کے انتخاب میں ہیڈ کوچ سے مشاورت کروں گا، ٹیم کے حوالے سے حتمی فیصلہ میرا ہی ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی ٹیسٹ کے لیے بھرپور پلان بنایا ہے اس پر مکمل عمل کریں گے، پاکستان ٹیم کا دارومدار صرف میرے اوپرنہیں، دیگر کھلاڑیوں کا بھی کردار ہوتا ہے، اظہر علی، محمد رضوان اور فواد عالم بہترین بیٹسمین ہیں، میری کار کردگی بھی کھلاڑیوں کی وجہ سے ہوتی ہے، کوشش ہوتی ہے کہ ٹیم کے لیے بہتر کروں، میدان میں کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ضروری ہوتی ہے، قیادت کرتے ہوئے کھلاڑیوں کے ساتھ جارحیت اچھی نہیں لگتی، ٹی وی پردیکھنے والوں کو بھی برا لگتا ہے۔
پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ کل سے کراچی میں شروع ہو گا۔دونوں ٹیمیں 14برس کے بعد پاکستانی سرزمین پرٹیسٹ میچ کھیلیں گی۔ اس سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ نے جنوبی افریقہ کیخلاف پہلے ٹیسٹ میچ کیلئے17 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان کر دیا۔ کپتان بابراعظم ہیڈ کوچ کی مشاورت سے میچ کیلئے پلیئنگ الیون کا انتخاب کریں گے۔