لاہور:جویریہ خان 100 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کھیلنے والی چوتھی پاکستانی خاتون کرکٹر بن گئی ہیں۔،باغی ٹی وی کےمطابق پاکستان کی جویریہ خان 100 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کھیلنے والی چوتھی پاکستانی خاتون کرکٹر بن گئی ہیں۔ انہیں یہ اعزاز آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ ميں جنوبي افريقہ کے خلاف میچ میں حاصل کيا ۔
باغی ٹی وی کےمطابق پاکستان اور جنوبی افریقہ کی خواتین کرکٹ ٹیموں کے درمیان گروپ بی کا اہم میچ اتوارکو سڈنی کے شو گراؤنڈ اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔ جس میں جنوبی افریقہ نے17رنزسے کامیابی حاصل کی ۔ اکتيس سالہ بیٹر نے میچ میں بسمہ معروف کي عدم موجودگي ميں ٹیم کی قیادت کی۔ بسمہ معروف انجری کے باعث میگا ایونٹ سے باہر ہوگئی تھیں۔
2009 میں پاکستان کی جانب سے اپنے پہلے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ کھیلنے والی جویریہ خان پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم کی جانب سے ٹی ٹونٹی کرکٹ میں دوسری سب سے زیادہ رنز بنانے والی بیٹر ہیں۔ وہ اس فارمیٹ میں 22 کی اوسط سے اب تک 1826 رنز بناچکی ہیں۔ ان کے ٹی ٹونٹی کیرئیر میں 8 نصف سنچریاں شامل ہیں تاہم انہیں پاکستان کی جانب سےخواتین کرکٹ میں سب سے زیادہ ،204، چوکے لگانے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔
جویریہ خان نےآئی سی سی ویمنزٹی ٹونٹی ورلڈکپ 2018 میں پاکستان کی قیادت کی تھی۔ وہ 11 میچوں میں پاکستان کی قیادت کرنے کا اعزاز بھي رکھتي ہيں۔ ان سے قبل بسمہ معروف، ثناء میراور ندا ڈارکوپاکستان کی جانب سے100 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کھیلنے کا اعزاز حاصل ہے۔ بسمہ معروف 108، ثناء میر 106اور ندا ڈار 101 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کھیل چکی ہیں۔
اس موقع پر جویریہ خان کا کہنا تھا کہ اپنے 100ویں ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ میں پاکستان کی قیادت کرنا ان کے لیے ايک اعزاز ہے وہ گذشتہ 11 سالوں سے پاکستان کی نمائندگي کررہي ہيں اور یہ لمحات ہمیشہ یادگار رہیں گے۔ جویریہ خان نے جنوبی افریقہ سے شکست پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسکواڈ میں شامل تمام کھلاڑیوں نے میچ کے دوران بھرپور جان لڑائی ليکن کامیابی حاصل نہیں کرسکيں ۔








