کیف: روسی حملوں کے باعث يوکرينی دارالحکومت کیف ميں ہلاکتوں کی تعداد 222 ہو گئی۔
باغی ٹی وی : عالمی خبررساں ایجنسی کے مطابق يوکرينی حکام نے بتایا کہ دارالحکومت کيف ميں روس کی جانب سے حملوں میں اب تک 4 بچوں سمیت 222 افراد ہلاک ہو چکے ہيں جن ميں 60 شہری شامل ہيں۔
حکام کے مطابق روسی حملوں کے باعث اب تک زخمی ہونے والوں کی تعداد 889 بنتی ہے ان ميں 241 شہری شامل ہيں۔
دوسری جانب اقوام متحدہ کے اعداد و شمار کے مطابق يوکرين ميں روسی حملے ميں اب تک مجموعی طور پر ہلاک ہونے والوں کی تعداد 780 ہے 1,252 افراد اب تک زخمی بھی ہو ئے ہيں۔
قبل ازیں جمعرات کو امریکی محکمہ دفاع کے ایک اہلکار نے تصدیق کی تھی کہ روسی افواج اپنے توپ خانے کو دارالحکومت کیف کی طرف منتقل کر رہی ہیں اور اس پر بمباری کی تیاری کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ انٹیلی جنس اندازوں کے مطابق بحیرہ اسود میں جنگی بحری جہاز مشرقی یوکرین کے شہر اوڈیسا کے اطراف میں حملے کی تیاری کر رہے ہیں روسی فوجی قافلے ابھی تک کسی ٹھوس نقل و حرکت کے بغیر پھنسے ہوئے ہیں اور وہ دارالحکومت کیف سے 15 سے 25 کلومیٹر کے فاصلے پر ہیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یوکرین کو ملنے والا نیا سامان اسے روسی افواج کا قریبی فاصلے سے مقابلہ کرنے کی سہولت دے گا جیسا کہ خارخیو، کیف اور چرنیف کے آس پاس ہوا تھا۔
نیٹو اور امریکی ہیلی کاپٹروںکی مرمت روسی انجینئرز کریں گے:افغان حکومت کااعلان
واضح رہے کہ 24 فروری کو روسی فوجی آپریشن کے آغاز کے بعد سے کیف کے اتحادی یورپی ممالک اور امریکا کی سربراہی میں بالعموم نیٹو ممالک نے یوکرین کو بہت سے دفاعی ہتھیار بھیجے ہیں ان میں سے بہت سے ممالک نے یوکرین کی حکومت اور بے گھر افراد کے لیے بھی مالی امداد مختص کی ہے۔
علاوہ ازیں امریکی صدر جو بائیڈن نے 80 کروڑڈالر کی اضافی حفاظتی امداد مہیا کرنے کی منظوری دینے کا اعلان کیا تھا امریکی صدر نے کہا تھا کہ امریکا اپنے اتحادیوں اور شراکت داروں کے ساتھ مل کر یوکرین کے لیے امدادی سرگرمیوں کی قیادت کررہا ہےاس کے تحت ہم آج بے پایاں سلامتی اور انسانی امداد مہیا کررہے ہیں ہم آنے والے دنوں اورہفتوں میں مزید کام جاری رکھیں گے ہم پابندیوں کی سزا کے ذریعے صدر ولادیمیرپیوٹن کی معیشت کو کمزورکررہے ہیں، یہ پابندیاں وقت کے ساتھ ساتھ مزید تکلیف دہ ثابت ہوں گی-
بائیڈن نے بتایا تھا کہ یوکرین کو 800 طیارہ شکن نظام، 9000 اینٹی آرمرسسٹم، 7000 چھوٹے ہتھیار، دوکروڑ گولیاں،گولہ بارود اور ڈرون مہیا کئے جائیں گے-








