کراچی میں ماڑی پور کے علاقے مچھرکالونی میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ایک بچہ جاں بحق جبکہ دو راہگیر شدید زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق ماڑی پور مچھرکالونی میں فرار ہوتے ہوئے ڈاکوؤں کی فائرنگ کی زد میں آنیوالا بچہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا جبکہ دو شدید زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔

حکام کے مطابق بچے کی شناخت 8 سالہ نبی عالم کے نام کی گئی۔ پولیس کی جانب سے فرار ڈاکوؤں کی گرفتاری کےلیے کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔

ادھر کراچی میں شدید بارشوں کی وجہ سے بھی ہلاکتیں ہوئی ہیں، ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ بارشوں کے حوالے سے اگلے تین دن انتہائی اہم ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب کی زیر صدارت بارشوں سے متعلق اجلاس ہوا جس میں تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز، ایڈمنسٹریٹرز اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور ایڈمنسٹریٹرز نے انتظامات سے متعلق ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کو تفصیلی بریفنگ دی۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ اگلے تین دنوں کے لیے بارشوں کی پیشنگوئی کے مدنظر تمام انتظامات مکمل رکھے جائیں، تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور ایڈمنسٹریٹر ز اپنے اپنے اضلاع میں کارکردگی کو مزید بہتر بنائیں۔

Shares: