ملک بھر میں مون سون بارشوں نے تباہی مچادی ہے کراچی سمیت بلوچستان میں شدید بارشوں کے باعث کئی درجنوں افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوئے ہیں-
باغی ٹی وی : تفصیلات کے مطابق بلوچستان میں شدید بارشوں کے باعث پہاڑی ندیوں میں نچلے درجے کا سیلاب ہے کوہ سلیمان کے پہاڑوں سے آنے والے سیلابی ریلے اور آبشاروں سے شاہراہ متاثر ہوگئی۔ ژوب ڈی آئی خان زیر تعمیر سی پیک روٹ کے کئی مقامات پر لینڈ سلائیڈ نگ کے باعث ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہے وڈھ میں قومی شاہراہ پر پھنسے سیکڑوں مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے، مسافروں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں ان مسافروں کو خوراک کی بھی قلت کا سامنا ہے۔
دوسری جانب چترال میں برساتی نالوں میں طغیانی نے تباہی مچادی جس سے 10 سے زائد گھر مکمل تباہ ہوگئے طغیانی کے باعث کئی جگہوں پر رابطہ پل بھی بہہ گئے۔ اپر کوہستان میں تیز بارش سے برساتی نالوں میں بھی طغیانی آگئی اور پانی داسو ڈیم کے رہائشی کیمپوں میں داخل ہوگیا موسم کی شدت سے تحصیل کندیا میں کئی گھروں کی دیواریں، چھتیں اور شیلٹر گرگئے،میرپور آزاد کشمیر و گردونواح میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے-
کوٹ ادو اور گردو نواح میں موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری، بارش کا پانی گھرو ں میں داخل،عوام کو مشکلات کا سامنا ہے ،جبکہ چنیوٹ اور گردونواح میں موسلادھار بارش ہوئی ٹبہ سلطان پور میں کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا بارش کے باعث 15 روز میں 5 افراد کرنٹ لگنے سے جان کی بازی ہار گئے-
دوسری جانب پشاور میں بارش کے باعث کئی مقامات پر پانی جمع ہوگیا جس کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے جبکہ کراچی کے مختلف علاقوں میں رات بھر وقفے وقفے سے تیز بارش کے باعث متعدد علاقوں میں پانی جمع ہوگیا، سڑکيں ندی نالوں میں بدل گئیں اور نالے ابل پڑے بارش اور سڑکوں پر زیادہ پانی جمع ہونے کے باعث متعدد شہریوں کی موٹرسائیکلیں اور گاڑیاں بند ہوگئیں۔
صدر اور ٹاور سمیت اولڈ کراچی کی سڑکیں اور گلیاں ڈوب گئیں، کئی کئی فٹ پانی جمع ہوجانے سے شہریوں کو شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا مسلسل بارش کے باعث ملیر ریور برج میں گہرا شگاف پڑگیا جس کے بعد ایک ٹریک کو بند کردیا گیا۔ کے پی ٹی، سب میرین اور مہران انڈر پاس میں بھی بارش کا پانی جمع ہوگیا ناگن چورنگی پر سڑکیں اور فٹ پاتھ پانی میں ڈوب گئے، جس سے شہریوں کی مشکلات مزید بڑھ گئیں اولڈ سٹی ایریا پاکستان چوک کےاطراف بھی پانی جمع ہو گیا زیب النساء اسٹریٹ کی دکانوں میں برساتی پانی داخل ہو گیا کراچی کےاہم کاروباری مرکزصدرکی مصروف شاہراہ زیرآب آ گئیں-
پی ای سی ایچ ایس، لیاقت آباد سی ون ایریا اور عزیز آباد بلاک 2 سمیت کئی علاقوں میں پانی گھروں اور دکانوں میں داخل ہوگیا شہر کے پوش علاقے ڈیفنس فیز 4 کمرشل اور سکس کی سڑکوں پر پانی کا راج رہا فیز فور کے کئی مکانوں میں پانی داخل ہوگیا جس سے شہریوں کو سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑا سندھ حکومت نے کلفٹن کنٹونمنٹ بورڈ کی مدد کے لیے پمپ بھیج دیئے ہیں۔
ادھر کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ بارش کے دوران حفاظت کے باعث 90 فیڈرز بند کئے ہیں کراچی میں مسلسل بارش کی وجہ سے فلائٹ آپریشن بھی متاثر ہوگیا۔ کراچی آنے اور جانے والی درجن بھر پروازیں منسوخ کردی گئیں جبکہ کئی تاخیر کا شکار ہیں۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شدید بارش برسانے والے بادل پورے کراچی پر موجود ہیں۔ شہر میں آج بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے محکمہ موسمیات کے مطابق 30 جولائی سے ایک اور سسٹم اثر انداز ہوسکتا ہے۔
وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کراچی کے مختلف علاقوں کا دورہ کرکے پانی کی نکاسی کا جائزہ لیااس موقع پر انہوں نے کہا کہ کراچی میں اتوار کی صبح سے کابینہ کے ارکان سڑکوں پر ہیں اور پانی نکالنے کے عمل کی نگرانی کررہے ہیں لوکل گورنمنٹ عملہ، کنٹونمنٹ اور ڈی ایچ اے سمیت تمام ادارے محنت کر رہے ہیں حیدرآباد کی بھی صورتحال اب بہتر ہے، لطیف آباد 7 نمبر انڈر پاس ٹریفک کے لئے کھول دیا گیا ہے انہوں نے متاثرین سے کہا ہے کہ وہ فوری طور پر مدد کے لیے 1736 اور 919 ہیلپ لائن پر رابطہ کریں۔
ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے بھی کراچی کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور سوشل میڈیا پر نکاسی آب کی وڈیو جاری کی مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ انہوں نے آئی آئی چندریگر روڈ کا دورہ کیا۔ ویڈیو دیکھے تو اندازہ ہو سکتا ہے کہ نالے میں کس رفتار سے پانی جا رہا ہے۔ تاہم شہر میں شدید بارش ہو رہی ہےمشکل حالات ہیں۔ عملہ سڑکوں پر موجود ہے، حکومت نے نالوں کی صفائی پر کام کیا جس کے مثبت نتائج نظر آرہے ہیں۔
آئی جی سندھ نے بارشوں کے شدید اسپیل کے دوران سندھ بھر میں بہترین ریسکیو ورکنگ (بہت احسن انداز میں امدادی کاموں) پر سندھ پولیس کو شاباش دی ہےایک میڈیا پیغام میں آئی جی سندھ غلام نبی میمن کا کہنا تھا کہ تھانہ اور ٹریفک پولیس کی کارکردگی قابلِ ستائش اور لائق تعریف ہے بارشوں سے متاثرہ علاقوں اور شاہراہوں پر پولیس کا شہریوں کی مدد اور تعاون کا جذبہ خدمت انسانیت کی بہترین مثال ہے۔
آئی جی سندھ کا مزید کہنا تھا کہ قوی امید ہے کہ پولیس شہریوں کی بے لوث خدمت، مشکل وقت میں ان سے تعاون اور ہر محاذ پر ان کی حفاظت کے تسلسل جیسے اقدامات کو جاری رکھے گی۔
حکومت سندھ نے بارشوں کے پیش نظر کراچی اور حیدرآباد ڈویژن میں عام تعطیل کا اعلان کیا ہے جس کے بعد وفاقی حکومت نے بھی بارش کے پیش نظر کراچی اور حیدرآباد ڈویژن میں آج وفاقی حکومت کے دفاتر میں چھٹی کا اعلان کردیااس حوالے سے کابینہ ڈویژن نے چھٹی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا نوٹیفکیشن کے مطابق کراچی، حیدرآباد ڈویژن میں ضروری سروسز سمیت رین ایمرجنسی میں کام کرنے والے دفاتر کھلے رہیں گے کراچی میں ہونے والی تیز بارشوں کے باعث کراچی یونیورسٹی نے آج ہونے والے تمام امتحانات بھی ملتوی کردیے ہیں،کراچی یونیورسٹی کے ترجمان نے کہا ہے کہ امتحانات کی نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
کراچی میں گزشتہ روز موسلا دھار بارش میں شام گئے شدت کے بعد پیدا صورتحال کے باعث گرین لائن بس سروس پیر کو بھی معطل ہے گرین لائن بس سروس آپریشن کو اتوار کی رات مقررہ وقت سے پہلے ہی معطل کر دیا گیا تھا ترجمان بی آر ٹی ایس کا کہنا تھا کہ بارش میں تیزی اور مسافروں کی حفاظت کو یقینی بناتے ہوئے بی آر ٹی ایس کا آپریشن اتوار کی رات معمول کے وقت سے ایک گھنٹہ پہلے معطل کردیا گیا تھا رات گئے تک گرین لائن بس سروس کا روٹ بیشتر مقامات پر زیر آب ہونے اور پیر کو بھی بارش کی پیش گوئی کی وجہ سے گرین لائن بس سروس آج (پیر) کی صبح بھی معطل رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے ایسا مسافروں کی حفاظت کے پیش نظر کیا گیا ہے۔