گراس روٹ لیول پر قومی کھیل کے فروغ کے سلسلے میں کراچی ہاکی ایسوسی ایشن اور شاہ ولایت پبلک اسکول کے مابین ایم او یو طے پاگیا جس کے تحت دونوں فریق ہاکی کے فروغ میں مل کر کام کریں گے ۔مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب میں سابق اولمپئنز سمیع اللہ اور حنیف خان نے بھی شرکت کی ۔تفصیلات کے مطابق قومی کھیل ہاکی کو اسکولوں میں ایک بار پھر مقبول بنانے اورگراس روٹ لیول پر اسے ترقی اور فروغ دینے کے لئے شاہ ولایت پبلک اسکول اور کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہو گئے ۔
ایم او یو پر کے ایچ اے کی چیئر پرسن صوبائی وزیر برائے ترقی نسواں سیدہ شہلا رضا اور سیکریٹری کے ایچ حیدر حسین جبکہ اسکول انتظامیہ کی جاب سے منیجنگ ٹرسٹی اعزاز حسن خان اور اسکول پرنسپل ندرت امام نے دستخط کئے، اس طرح قومی کھیل کے فروغ کے لئے کراچی ہاکی ایسوسی ایشن نے نئی تاریخ رقم کرکے پورے ملک میں ہاکی کے فروغ کے لئے کام کرنے والی دیگر ایسوسی ایشنز کے لئے مثال بھی قائم کردی۔
اسکولوں میں ہاکی کے فروغ میں شانہ بشانہ کام کریں گے، واضح رہے کہ شاہ ولایت اسکول کراچی کے ان چند اسکولوں میں سے ایک اسکول ہے جہاں آج بھی ہاکی کھیلی جاتی ہے۔ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے موقع پر شاہ ولایت پبلک اسکول کے ساجد رضا (جی ایس) کے ایچ اے کے پیٹرن انچیف میجر جنرل (ر) طارق حلیم سوری، اولمپیئن سمیع اللہ (فلائنگ ہارس)، اولمپیئن حنیف خان، چیئرمین کے ایچ اے گلفراز احمد خان، ایس وی پی کے ایچ اے اعجاز الدین، ڈی ایس پی خالق اور سابق صدر پاکستان ٹیبل ٹینس فیڈریشن ایس ایم سبطین،حسن عابدی، ایس سبطین آصف نقوی، ارسلان مسعود،علی اشرف اور اختر رضا بھی موجود تھے۔
اس موقع پر سیدہ شہلارضا نے کہا کہ کے ایچ اے اور شاہ ولایت پبلک اسکول کے درمیان ہونے والا معاہدہ نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے کے لئے کسی بھی اسکول کے ساتھ پہلا معاہدہ ہے،صوبائی وزیر نے اسکول پر طلباء کو وظائف دینے اور کھیل کی بنیاد پر اسکالر شپ دینے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سے نہ صرف طلباء کی حوصلہ افزائی ہوگی بلکہ یہ عمل قومی کھیل کے فروغ کا بھی سبب بنے گا،شہلا رضا نے کے ایچ اے کی محنت کو سراہا اور کہا کہ جب بھی کراچی میں ہاکی کی تاریخ لکھی جائے گی تو موجودہ سیکریٹری کے ایچ اے حیدر حسین کا نام سب سے اوپر نظر آئے گا۔
بعد ازاں صوبائی وزیر نے کھلاڑیوں میں 32 ہاکی اسٹکس اور 32 گیندیں تقسیم کیں۔ ان میں آرمی اسپورٹس ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے 17 ہاکی اسٹکس بھی شامل تھیں۔کے ایچ اے کے سیکرٹری اور پاکستان ہاکی فیڈریشن کے کوآرڈینیٹر حیدر حسین کے مطابق کے ایچ اے اور شاہ ولایت پبلک اسکول کے درمیان ایم او یو پی ایچ ایف کے ڈومیسٹک وژن کا حصہ ہے۔ پی ایچ ایف کے صدر برگیڈیر (ر) ایم خالد سجاد کھوکر پہلے ہی سندھ کے نوجوانوں کو گروم کرنے کے لئے دو کوچز معین عالم اور اذلان خان کو کوچنگ کی زمہ داری سونپ چکے ہیں ان اقدامات کے دوررس نتائج برآمد ہونگے۔

کراچی ہاکی کی تاریخ میں حیدرحسین کا نام نمایاں رہے گا : شہلا رضا
Shares: