کراچی جوبلی مارکیٹ کا ایک اور حصہ زمین بوس ہوگیا

کراچی میں قائم قدیم جوبلی مارکیٹ کا ایک اور حصہ زمین بوس ہوگیا جس کے نتیجے میں دکانوں کی چھتیں گر گئیں۔

کراچی میں قائم جوبلی مارکیٹ کا حصہ زمین بوس ہونے کا واقعہ اتوار اور پیر کی درمیانی شب پیش آیا جس کے نتیجے میں پانچ دکانوں کی چھتیں گر گئیں۔

ذرائع کے مطابق جوبلی مارکیٹ میں پیش آنے والے واقعات پر علاقہ مکین خوفزدہ ہوگئے، مکینوں کو مارکیٹ سے متصل آبادی کے مکانات گرنے کا خطرہ لاحق ہوگیا۔

واضح رہے کہ جمعرات کے روز بھی جوبلی مارکیٹ کی 12 سے زائد دکانیں زمین بوس ہوئی تھیں جس کے بعد مارکیٹ کو سیل کردیا گیا تھا، دکانیں نالے پر قائم کی گئی تھیں۔

اسسٹنٹ کمشنر نے جائے وقوعہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ نالہ کمزور ہونے سے دکانیں دھنس گئی ہیں، دکانیں نالے کے اطراف بنی ہوئی تھیں۔

اسسٹنٹ کمشنرکا کہنا تھا کہ واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، ٹیکنیکل ٹیم معاوئنہ کررہی ہے، مارکیٹ کا معائنہ کرنے کے بعد اسے کھولنے یا نہ کھولنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔

دوسری جانب پولیس حکام کا کہنا تھا کہ ہوسکتا ہے گیس بھرجانے کے باعث نالہ بیٹھ گیا ہو، واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔

Comments are closed.