کورونا کیسز میں نمایاں کمی کے بعد تقریبا دو سال بعد کراچی میں سینما کھل گئے

پاکستان بھر میں مارچ 2020 سے کورونا کی وجہ سے سینما بند کردیے گئے تھے، جب کہ کچھ ماہ تک فلموں اور ڈراموں کی شوٹنگ بھی روک دی گئی تھی تاہم اب کورونا وائرس کے کیسز میں نمایاں کمی کے بعد تقریبا دو سال بعد صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں سینما کھل گئے اور ابتدائی طور پر ہولی وڈ فلمیں ریلیز کردی گئیں۔

باغی ٹی وی : نجی خبررساں ادارے "ڈان ” کے مطابق کراچی کے علاقے ڈیفینس ہاؤسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) میں واقع نیوپلیکس سینما کھل گیا، جہاں اٹرنلز اور وینوم سمیت دیگر ہولی وڈ فلمیں دکھائی جا رہی ہیں علاوہ ازیں صدر کے علاقے میں موجود ’ایٹریم سینما‘ کو بھی شائقین کے لیے کھول دیا گیا اور ابتدائی طور پر وہاں بھی ہالی وڈ فلمیں دکھائی جا رہی ہیں پاکستان میں فوری طور پر سینماؤں میں بھارتی فلمیں نہیں دکھائی جائیں گی کیوںکہ انڈین فلموں کی نمائش پر حکومت پاکستان نے 2019 میں ہی پابندی عائد کردی تھی۔

کراچی کے دیگر علاقوں میں موجود سینماؤں پر بھی ابتدائی طور پر ہالی وڈ فلمیں دکھائی جا رہی ہیں، تاہم جلد ہی وہاں پر مقامی فلمیں بھی پیش کی جائیں گی جبکہ کورونا کی پابندیاں ہٹنے کے بعد سینماؤں نے ٹکٹ میں مہنگائی کے حساب سے اضافہ بھی کیا ہے اور نارمل ٹکٹ 800 روپے تک کا دیا جا رہا ہے، عام طور پر دو سال قبل 500 سے 600 ٹکٹ ہوتا تھا۔

رپورٹ کے مطابق سینماؤں کے گیٹ پر شائقین کے کورونا ویکسینیشن کارڈ چیک کیے جا رہے ہیں، تاہم رش نہ ہونے کی وجہ سے باقاعدہ طور پر سماجی فاصلوں کی ہدایات پر عمل نہیں کیا جا رہا کیونکہ طویل عرصے تک سینماؤں کی بندش کی وجہ سے فوری طور پر لوگوں نے سینماؤں کا رخ نہیں کیا اور تقریبا 75 فیصد سیٹس خالی پڑی رہتی ہیں۔

دوسری جانب متعدد فلم سازوں نے سینما کھلتے ہی اپنی فلمیں ریلیز کرنے کا اعلان کر رکھا ہے، سب سے پہلے رواں ماہ 19 نومبر کو فلم ساز نبیل قریشی کی فلم ’کھیل کھیل میں‘ ریلیز ہونے کا امکان ہے ’کھیل کھیل میں‘ کے بعد ’ادھم پٹخ‘ سمیت دیگر چند فلمیں بھی ریلیز کے لیے تیار ہیں اور سال نو کے موقع پر میگا کاسٹ فلمیں بھی ریلیز کیے جانے کا امکان ہے۔

Comments are closed.