کراچی میں بارش سے پھر زندگی عذاب بن گئی ، اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کردیا گیا

باغی ٹی وی : محکمہ موسمیات نے کراچی میں بارش کے چھٹے اسپل کے دوسرے روز بھی موسلا دھار بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ شہرمیں پچاس سے ستر ملی میٹر تک بارش کا امکان ہے جبکہ کچھ علاقوں میں ستر ملی میٹر سے زائد بارش ہوسکتی ہے۔ شہرمیں دوبارہ اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔

کراچی کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ کورنگی، لانڈھی، ڈیفنس، منظور کالونی، ملیر، شاہ فیصل کالونی، اورنگی ٹاوَن، آئی آئی چندریگر روڈ، صدر، کھارادر، نارتھ کراچی، ناگن چورنگی، گلبرگ، بفرزون ،عزیز آباد اور لیاقت آباد میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

کراچی کے مکین بجلی کی فراہمی کے مسائل سے بھی دوچار ہیں۔ سرجانی ٹاؤن اور نیو کراچی کے مختلف علاقوں میں تین دن بعد بھی بجلی کی فراہمی بحال نہیں ہو سکی۔ جس سے علاقہ مکین سخت اذیت سے دوچار ہیں
کراچی میں کورنگی، لانڈھی، ڈیفنس، منظور کالونی، ملیر، گلشن اقبال سرجانی ٹاؤن سمیت کئی علاقوں میں کہیں ہلکی کہیں تیز بارش سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا جس سے سڑکیں ندی نالے بن گئیں، شہر کے نشیبی علاقوں میں دوبارہ اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔

زیریں سندھ کے مختلف علاقوں میں بھی موسلا دھار بارشوں نے تباہی مچا دی، حیدر آباد، میر پور خاص، ٹھٹھہ اور دیگر شہروں میں نشیبی علاقے زیر آب آگئے، بارش کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا۔ پانی کی نکاسی نہ ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

میر پور خاص اور ڈگری میں بھی تیز بارش ہوئی، پمپنگ سٹیشن بند ہونے سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے، کئی علاقوں میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا۔ ٹھٹھہ میں انتظامیہ کی غفلت سے ابر رحمت زحمت بن گئی، بارش کے پانی کی نکاسی نہ ہونے سے کچی آبادی زیر آب آگئی۔

عمر کوٹ میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی، پنگریو میں کئی گھنٹے تک جاری رہنے والی بارش نے نشیبی علاقوں کو ڈبو دیا، نالے اوور فلو ہوگئے جس سے بارش کا پانی دکانوں میں داخل ہوگیا۔

ریلوے نے سندھ میں شدید بارش کے باعث ٹرین ڈرائیوروں کو ہائی الرٹ جاری کر دیا۔ ڈرائیورز کو کوٹری، حیدر آباد اور ٹنڈو آدم کے درمیان 2 طرفہ ٹریک پر احتیاط کی ہدایت کی گئی ہے

میئر کراچی وسیم اختر جذباتی ہوکر رو پڑے

Shares: