کراچی میں رات گئے تیز بارش، سڑکیں زیر آب، انتظامیہ غائب

شہر قائد میں رات گئے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش ہوئی جس کے سبب مختلف علاقوں میں جگہ جگہ پانی کھڑا ہوگیا۔

ذرائع کے مطابق سب سے زیادہ بارش سرجانی ٹاؤن میں 58 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ آج دن میں بھی کراچی میں بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے 11ستمبر تک کراچی میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

کراچی کے مختلف علاقوں میں سڑکیں زیر آب آگئیں لیکن پانی کی نکاسی کیلئے حسب سابق متعلقہ انتظامیہ غائب رہی، لوگوں کو اپنے روزگار پر جانے کیلیے دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔

ذرائع کے مطابق واٹر پمپ سے گلبرگ چورنگی جانے والی سڑک زیر آب ہے جبکہ ٹاور کے قریب ایم اے جناح روڈ پر گھٹنوں بارش کا پانی موجود ہے۔

اس کے علاوہ لنڈی کوتل چورنگی کے قریب نالے کا پانی سڑک پر آگیا جس کے باعث گندگی چاروں جانب پھیل گئی، لیاقت آباد 10 نمبر کی سڑک پر بھی برساتی پانی جمع ہوگیا۔

تازہ ترین اطلاعات کے مطابق گزشتہ رات کراچی میں ہونے والی موسلا دھار بارش کے باعث سفاری پارک کے اطراف سڑکوں پر جمع پانی کی نکاسی کا کام شروع کردیا گیا۔

Comments are closed.