سچل تھانے کی حدود میں ہونیوالا پولیس مقابلہ جعلی نکلا، اے ایس آئی سمیت 4 اہلکاروں کو گرفتار کرکے زخمی طالبعلم بیت اللہ کےوالد کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے سچل تھانے کی حدود میں جعلی مقابلہ بے نقاب ہوگیا، جس کے بعد ایس ایچ او کو کلین چٹ دے دی گئی جبکہ اےایس آئی سمیت 4 اہلکاروں کو گرفتار کرلیا۔
زخمی طالبعلم بیت اللہ کےوالد کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ، مقدمہ اقدام قتل کی دفعات کے تحت درج کیا گیا۔
مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ پولیس نے 15 سالہ بیت اللہ اور 14 سالہ آصف کوزخمی کیا، پولیس موبائل میں بیٹھے اہلکاروں نے جان سے مارنے کی کوشش کی، دونوں بچے جناح اسپتال میں زیرعلاج ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اشارہ دینے کے بعد نا رکنے پر طالبعلموں کو ڈاکو قرار دینے کوشش کی گئی ، جعلی مقابلے میں اے ایس آئی اصغر علی، اہلکارعبدالقادر ، کانسٹیبل صابر اور کانسٹیبل ڈرائیور بہادر شامل تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مقابلے کےبعدپولیس افسران مسلسل مقابلےکی تفصیلات مانگتے رہے اور ایس ایچ او سمیت دیگر اہلکار زخمیوں کو ڈاکو بتاتے رہے.
پولیس نے اسپاٹ کی ویڈیو اور تصاویر نہ تفصیلات افسران کوبتائیں، جب ڈویژنل افسرکو شک ہواتومعاملے کی تحقیقات کیں، زخمی نوجوانوں کےبیانات بھی حاصل کیے جائیں گے۔