کراچی سے چوری ہوئی موٹر سائیکلیں کہاں جاتی ہیں
کراچی سے چوری ہوئی موٹر سائیکلیں کہاں جاتی ہیں
کراچی سے چوری ہونے والی موٹرسائيکلیں ٹھکانے لگانے کا ايک راستہ ضلع لسبيلہ کی تحصيل ساکران کا علاقہ چيکو باغ بھی ہے جہاں ایسی موٹر سائيکلوں کے بدلے منشيات فراہم کی جاتی ہیں۔
میڈیا نے اس معاملے کی تحقیقات کیں تو موٹر سائيکل چوری کے ساتھ منشیات کے دھندے کا بھی تعلق نکل آیا۔ کراچی سے چوری ہونے والی موٹر سائیکلوں کو ٹھکانے لگانے کا آّسان مقام حب کی تحصيل ساکران ہے جو کراچی سے قریب ہونے کی وجہ سے منشيات کے کھیپیوں کا آسان اور محفوظ مرکز ہے۔
کراچی پولیس کے ہاتھوں گرفتار ایک منشیات فروش عارف سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق معلوم ہوا کہ کراچی سے چرائی گئی موٹرسائیکل چیکو باغ میں ٹھکانے لگانے اور اس کے بدلے منشیات کراچی لانے کے ليے پوليس کی خدمت میں جو قيمت ادا کرنی پڑتی ہے وہ صرف دو سو روپے ہے۔
ساکران میں رہنے والوں نے بھی میڈیا کو بتایا کہ چیکو باغ منشیات فروشی کا ايسا اڈا ہے جہاں کھیپی آتے تو چوری کی موٹر سائیکل پر ہیں مگر ان کی واپسی پیدل اور منشیات کے ساتھ ہوتی ہے۔
سابق ایس ایس پی ویسٹ ڈاکٹرمحمد رضوان بھی اپنی ر پورٹ میں بتا چکے ہيں کہ کراچی میں منشیات کچے راستوں سے لائی جاتی ہے اور اس کا تعلق بلوچستان میں جاری چوری کی موٹر سائیکلوں کے دھندے سے ہے۔