کراچی: اب ویسا نہیں چلے گا جیساماضی میں چلتا تھا :ٹریفک پولیس نے ون وے کی خلاف ورزی کرنے پر120 ڈرائیورگرفتارکرلئیے،اطلاعات کےمطابق شہر قائد میں ٹریفک پولیس کی رانگ وے کے خلاف مہم کے پہلے روز ہی 120 ڈرائیورز کو گرفتار کرلیا گیا۔ ٹریفک پولیس نے رانگ وے کے خلاف مہم میں مجموعی طور پر 4765 چالان کیے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں رانگ وے کے خلاف مہم کا آغاز ہوگیا، پہلے روز ہی 11 لاکھ 46 ہزار 650 روپے کے جرمانے کیے گئے جبکہ 120 ڈرائیوروں کو گرفتار کرکے مقدمات درج کرلیے گئے۔پولیس حکام کے مطابق ماضی میں اس طرح کے گرفتار شدگان کو تھانے سے ہی شخصی ضمانت پر چھوڑ دیا جاتا رہا ہے مگر اس مہم میں پولیس حکام کی جانب سے سخت احکامات ہیں کہ قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے تمام گرفتار شدگان کو عدالت میں پیش کیا جائے۔
آئی جی سندھ کلیم امام کا کہنا ہے کہ شہری رانگ وے اور ون وے کی خلاف ورزی سے اجتناب کریں، شہری اپنے پیاروں اور دوسروں کو حادثات سے بچائیں۔آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ شارٹ کٹ، جلد بازی اکثر جان لیوا حادثات کا سبب بنتے ہیں، ہائی اسپیڈ، اوور ٹیکنگ، رانگ وے پر گاڑی چلانے سے گریز کریں۔کلیم امام کا کہنا تھا کہ احتیاط اور صبر محفوظ سفر کی ضمانت ہے، ڈی آئی جی ٹریفک سخت اقدامات اٹھا کر مہم کو موثر اور کامیاب بنائیں۔








