
کراچی کے علاقے ناگن چورنگی پر ہیوی ٹریفک کے خلاف شہری سراپا احتجاج بن گئے۔
باغی ٹی وی کے مطابق احتجاج کرنے والے شہریوں نے ہیوی گاڑیوں کی چابیاں نکال لیں اور خود ہی ٹینکرز کو روکنا شروع کر دیا۔مظاہرین نے ہیوی ٹریفک کے ڈرائیورز سے کاغذات طلب کیے اور غیر قانونی گاڑیوں کے خلاف سخت برہمی کا اظہار کیا۔شہریوں کا کہنا ہے کہ ہمارے پاس تمام قانونی دستاویزات موجود ہیں، اس کے باوجود ہمیں روکا جا رہا ہے، جبکہ ٹینکرز والوں سے کوئی باز پرس نہیں کی جاتی۔مظاہرین نے الزام لگایا کہ رشوت دے کر یہ ٹینکرز سڑکوں پر نکلتے ہیں، جس سے ٹریفک جام اور حادثات کا خدشہ بڑھ جاتا ہے۔خیال رہے کہ کراچی میں آئے دن ڈمپرز کے حادثات میں شہری جان سے ہاتھ دھو رہے ہیں۔
گزشتہ کئی روز میں ہوئے حادثے میں متعدد افراد جاں بحق ہو چلے ہیں، جس پر مختلف سیاسی اور سماجی حلقوں نے شدید ردعمل دیا ہے۔ شہریوں کا مطالبہ ہے کہ ان قاتل ڈمپرز کو فوری طور پر شہر سے ہٹایا جائے تاکہ مزید جانوں کا ضیاع نہ ہو۔ہائی کورٹ کے حکم کے مطابق دن کے وقت بھاری گاڑیوں کی آمدورفت پر پابندی عائد ہے، تاہم کچھ سرکاری اور تعمیراتی منصوبوں سے منسلک گاڑیوں کو استثنی حاصل ہے، جن میں سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے 1800 رجسٹرڈ ڈمپرز، ایف ڈبلیو او کے اسٹیڈیم کی تعمیر پر معمور 40 ڈمپرز،ملیر ایکسپریس وے کنسٹرکشن کمپنی کے 60 ڈمپرز، 6 ہزار واٹر ٹینکرز شامل ہیں۔
ہائی کورٹ کے فیصلے کے مطابق پولیس ان گاڑیوں کو نہیں روک سکتی، تاہم ان کی دیکھ بھال اور حالت کی جانچ ٹریفک پولیس اور محکمہ ٹرانسپورٹ کے ایم وی ای ونگ کے دائرہ اختیار میں آتی ہے۔مشتبہ ناقص گاڑیوں کی جانچ کے لیے محکمہ ٹرانسپورٹ کے پاس گنجائش اور عملے کی کمی جیسے مسائل درپیش ہیں، تاہم اس کے باوجود ایکسائز اور ٹریفک پولیس نے بھاری گاڑیوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔آئندہ چند روز میں شروع ہونے والے اس مشترکہ آپریشن میں بھاری گاڑیوں کی سڑک پر چلنے کی صلاحیت، ڈرائیوروں کے لائسنس، اور تکنیکی حالت کو چیک کیا جائے گا۔ جو گاڑیاں ناقابلِ استعمال یا ڈرائیور نااہل پائے گئے، انہیں فوری طور پر ضبط کر لیا جائے گا۔
انسٹاگرام پر پرانے فیچر واپس آنے شروع
پاکستان میں دہشتگردی بیرونی سازش کے تحت کروائی جا رہی ہے، وزیراعلی سندھ
اسلام آباد ہائیکورٹ: تین ججز سے ذمہ داری واپس لے لی گئی
نجی بجلی گھروں کو سینکڑوں ارب کی ٹیکس چھوٹ کا انکشاف
صدر زرداری کی پرنس رحیم سے ملاقات، پرنس کریم کے انتقال پر تعزیت