کریم آباد ضلع وسطی کا اہم علاقہ ہے جہاں سڑکوں کی خستہ حالی کے پیش نظر انہیں موٹر ایبل بنانے کا کام شروع کیا گیا: لئیق احمد

0
38

ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے کہا ہے کہ کریم آباد ضلع وسطی کا اہم علاقہ ہے جہاں سڑکوں کی خستہ حالی کے پیش نظر انہیں موٹر ایبل بنانے کا کام شروع کیا گیا اور 97 ہزار مربع فٹ استرکاری کردی گئی ہے، سڑکوں کی حالت بہتر ہونے سے کریم آباد اور اس کے کمرشل ایریا میں ٹریفک جام کے مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی اور ٹریفک کی روانی برقرار رہے گی، یہ بات انہوں نے کریم آباد میں محکمہ انجینئرنگ کے تحت ہونے والی سڑکوں کی استرکاری کا جائزہ لیتے ہوئے کہی، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ سڑکوں کی بحالی اور استرکاری کے لئے بلدیہ عظمیٰ کراچی کی اپنی مشینری اور افرادی قوت استعمال ہو رہی ہے اور شہر کے مختلف علاقوں کے سروے اور معائنہ کے بعد یہ کام ترجیحی بنیادوں پر کئے جا رہے ہیں تاکہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے وسائل شہر کے انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے پر خرچ کئے جائیں اور شہریوں کو ان سے سہولت ملے، انہوں نے کہا کہ جن علاقوں میں ٹریفک کا رش بہت زیادہ ہے اور لوگوں کی آمدورفت 24 گھنٹے جاری رہتی ہے وہاں کی سڑکوں کو بہتر بنانا اور انہیں روشن رکھنا ضروری ہے، ضلع وسطی کی گنجان آبادی میں سڑکوں کے نیٹ ورک کو بہتر بنانے سے سفری دورانیے میں کمی اور ایندھن کے خرچ میں بھی بچت ہوگی،انہوں نے کہا کہ محکمہ ورکس کی فیلڈ ٹیم مختلف سڑکوں اور شاہراہوں پر جہاں بھی ضرورت ہے پیوندکاری اور استرکاری کے کام انجام دے رہی ہے اور انہیں ہدایت کردی گئی ہے کہ بلاتاخیر ان کاموں کو مکمل کیا جائے تاکہ لوگوں کو جلد از جلد سہولت ملے .
انہوں نے کہا کہ سڑکوں کی بحالی و استرکاری کے کام مستقبل میں بھی بلاتعطل جاری رہیں گے، ترقیاتی کاموں کا مقصد شہریوں کو ہرممکن سہولیات کی فراہمی ہونا چاہئے کیونکہ یہ بلدیاتی اداروں کی بنیادی ذمہ داری ہے، ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے کہا کہ شہر میں جہاں بھی سڑکوں کی مرمت اور پیوندکاری کی ضرورت ہے وہاں ترجیحی بنیادوں پر کام شروع کیا جائے جس کے لئے ورکس ڈپارٹمنٹ حکمت عملی بنائے، ماضی کے تجربات کو مدنظر رکھتے ہوئے مستقبل کی پلاننگ ہونی چاہئے، ورکس ڈپارٹمنٹ کے افسران اس حوالے سے اپنا کردار ادا کریں، شہر کو بہتر بنانے کے لئے مسلسل کام کرنے ہیں اور ان کاموں کو ترجیح دینی ہے جن سے شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولت میسر آسکے۔

Leave a reply