مزید دیکھیں

مقبول

میری ٹائم وزارت میں زمین کے گھپلے کے بعد ایک اور بڑا اسکینڈل

کراچی: میری ٹائم وزارت میں زمین کے گھپلے کے...

اراکین قومی اسمبلی کوسو فیصد اضافے کے ساتھ تنخواہیں ملنا شروع

اسلام آباد: قومی اسمبلی کے اراکین کوسو فیصد اضافے...

اوورسیز پاکستانیوں کے پاسپورٹ بلاک کرنے پر چوہدری سالک کا نوٹس

اسلام آباد:وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے اوورسیز پاکستانیوں...

کشمیر- انسانی المیہ تحریر: سید غازی علی زیدی

جلتی بستیاں
خون کی ندیاں
عصمت دریاں
لاشوں کے انبار
لہورنگ وادی چنار

انسانیت کی پامالی کے تمام ریکارڈ توڑتی، جبر و استبداد کی المناک تاریخ!

خون منجمند کرتی کہانیاں اور سفاکیت کا منظر پیش کرتے قصے، لیکن وائے افسوس یہ قصے کہانیاں جھوٹ نہیں بلکہ حرف بہ حرف، ورق بہ ورق سچائی کی وہ دلخراش داستانیں ہیں جن کی گونج برسوں سے کشمیر کے پہاڑوں میں سنائی دے رہی ہے۔ ظلم وستم کا عریاں رقص جو پوری شدومد اور تال میل کے ساتھ جاری وساری ہے۔ عصمت دری کا شکار عورتوں کے زندہ لاشے، سبز پرچم میں لپٹے کڑیل جوانوں کے جنازے، آزادی کی راہ تکتے موت کی دہلیز پر کھڑے بوڑھوں کے نوحے، غرض کشمیر ایک خطہ نہیں بلکہ چلتی پھرتی لاشوں کا مسکن ہے۔ خواتین ہو یا نوجوان، شیرخوار اطفال ہوں یا بزرگوار، کون ہے جو بھارتی فوج کے ظلم و بربریت سے محفوظ ہے؟
سیکولرازم کا راگ الاپتے بھارتی انتہا پسندوں کا مکروہ چہرہ کشمیری مسلمانوں کی جرات کی بدولت تمام دنیا کے سامنے عیاں ہو چکا ہے۔ تحریک آزادی کو کچلنے کی کوشش میں بھارت نے وادی میں خون کی ندیاں بہا دی لیکن آج تک کشمیری عوام کے جذبہ جہاد کو دبانے کی کوششوں میں بری طرح ناکام رہا ہے۔

انگریز کی انصاف پسندی و امانتداری کی تعریف میں آسمان و زمین کے قلابے ملانے والوں کیلئے مسئلہ کشمیر کا قضیہ بدعہدی اور بد دیانتی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ہندوستان کی غیر منصفانہ تقسیم کے زریعے برطانوی راج نے شرپسندی کا جو بیج بویا تھا وہ اب ایک تناور درخت کی شکل اختیار کر چکا ہے۔ جس کی جڑوں میں ہزاروں انسانوں کا خون شامل ہے۔ لہو سے سینچا گیا یہ خون آشام پیڑ کاٹنے کیلئے دو ایٹمی طاقتیں سات دہائیوں سے حالت جنگ میں ہیں۔ لیکن بھارتی عہد شکنی اور ڈھٹائی کی وجہ سے مسئلہ جوں کا توں برقرار ہے۔
جدید ترین ہتھیاروں سے لیس بھارت کی نو لاکھ فوج کشمیریوں کے جدوجہد آزادی کے سامنے بری طرح ناکام ہوچکی ہے۔ جھنجھلاہٹ کا شکار مودی سرکار کشمیری عوام کو حق خودارادیت کیا دیتی الٹا آرٹیکل 370 کو کالعدم کر کےان سے جینے کا حق بھی چھین لیا ہے۔ اٹوٹ انگ کا دعویٰ کرنے والوں نے کشمیر کا انگ انگ زخمی کردیا ہے۔ بیگناہ کشمیری عوام پر کیا گیا بھارت کا غاصبانہ قبضہ، بھارتی جمہوریت کے ماتھے کا سیاہ داغ ہے۔ بھارتی فوج کی چیرہ دستیاں خود بھارت کیلئے ناسور بن چکی ہیں۔ کشمیری مسلمان تمامتر بربریت کے باوجود، جذبہ شہادت سے سرشار، بھارتی تسلط کے سامنے سینہ تانے کھڑے ہیں۔ بھارتی جنگی جرائم کے باوجود اپنی آزادی کیلئے صف پیرا، سر بہ کف مجاہدین بغیر ہتھیاروں کے قابض فوج کیلئے دہشت کی علامت ہیں۔
ضرورت اس امر کی ہے کہ عالمی برادری پوری قوت سے بھارت پر زور ڈالے کہ وہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کو سنجیدگی سے حل کرے۔ بھارت کا ناجائز اور غاصبانہ تسلط نہ تو کسی کشمیری اور نہ ہی پاکستان کیلئے قابل قبول ہے۔ بھارتی فوج ظلم و ستم کے تمام تر ہتھکنڈوں کے باوجود تحریک آزادی کو روکنے میں ہمیشہ سے ناکام رہی جو کشمیریوں کی بھارت سے نفرت کا مظہر ہے۔ انسانی حقوق کی بدترین پامالی اس بات کی متقاضی ہے کہ کشمیر میں عالمی امن فوج تعینات کی جائے اور کشمیری عوام کو ان کا حق استصواب رائے دیا جائے تاکہ وہ اپنی مرضی کے مطابق اپنے مستقبل کا فیصلہ کر سکیں۔

چنار ہے لہو لہو، بہار ہے لہو لہو
ہیں ان گنت شہادتیں، پکار ہے لہو لہو

@once_says