کشمیری مہاجروں کوذاتی مفاد کیلئے استعمال نہیں کیا جاسکتا، عثمان علیم

نارووال میں مہاجرین جموں وکشمیرکی نشست حلقہ ایل اے37 ناروال 4 سے نامزد امیدواربرائے ممبرقانون سازاسمبلی عثمان علیم عرف مسلم بھائی کی انتخابی مہم زورشورسے جاری ہے، حلقہ میں انتخابی گہما گہمی عروج پر ہے، اسی سلسلے میں جموں کشمیر یونائٹیڈ موومنٹ نے گزشتہ روزقلعہ احمد آباد میں پاورشو کا مظاہرہ کیا ہے، جلسہ عام میں مہاجرین جموں کشمیر نے بھرپورشرکت کی ہے، جلسہ گاہ میں پارٹی نغموں پرکارکنوں کا جذبہ دیدنی تھا، جبکہ جلسہ گاہ پہنچنے پرعثمان علیم عرف مسلم بھائی کا پھولوں کی پتیاں نچھاورکرکے استقبال کیا گیا ہے، کارکنوں کی جانب سے تیرا بھائی میرابھائی مسلم بھائی اورسچے کشمیریوں کی پہچان کُرسی کا نشان نعرے لگائے جاتے رہے ہیں.

جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے نامزدامیدواربرائے ممبرقانون سازاسمبلی عثمان علیم کا کہنا تھا کہ مہاجرین نے جمود توڑدیا ہے اب کشمیری مہاجرین کو کوئی ذاتی مفادات کے لیے استعمال نہیں کرسکتا ہے، کشمیر کے حقیقی پشتیبان بیس کیمپ کی اسمبلی میں پہنچ کرمقدمہ کشمیردنیا کے ہرفورم پرپوری قوت سے لڑیں گے، کشمیرکوآزادی دلوائیں گے، فصلی بیٹروں نے نہ توکشمیرکا مقدمہ لڑا اورنہ ہی ریاست آزاد جموں وکشمیرکی خوشحالی کیلئے اقدامات کئے، ذاتی مفادات کی سیاست کرنے والوں نے پوری ریاست کو محرومیوں میں دھکیل دیا ہے، جموں کشمیریونائٹیڈ موومنٹ جدوجہد آزادی کشمیرسے خوشحالی کشمیرتک کے سلوگن پرالیکشن لڑرہی ہے، آپ لوگوں کے ووٹ کی طاقت سے اللہ نے موقع دیا تومہاجرین کشمیر کی خوشحالی اورآزادی کشمیر کیلئے حقیقی معنوں میں جدوجہد کریں گے، نارووال کے مہاجرین کے لیے الگ سے یونیورسٹی اورکالجز کا قیام میرا انتخابی ایجنڈا ہے، عوام پچیس جولائی کو گھروں سے نکلیں اورکرسی کے نشان پرمہرلگا کرفصلی بٹیروں کو مسترد کردیں۔

Comments are closed.