کشمیری رہنما شکیل بخشی پر قاتلانہ حملے کی مذمت

0
61

چیئرمین حریت کانفرنس سید علی گیلانی اور تحریک حریت چیئرمین محمد اشرف صحرائی نے معروف حریت پسند لیڈر شکیل احمد بخشی پر قاتلانہ حملے کی شدید مذمت کی ہے۔
کشمیری لیڈر شکیل احمد بخشی قاتلانہ حملہ میں‌ بال بال بچ گئے، مشعال ملک کی مذمت
سید علی گیلانی نے کہا کہ اس طرح کے واقعات میں ہاتھ چاہے جو بھی استعمال کئے جائیں، لیکن جو ذہن ایسی منصوبہ بند سازشوں کیلئے کام کررہا ہے ، وہ ہی ہے جو یہاں پر آزادی کے نام پر کام کرنے والوں کو ایک دوسرے کی گردن زنی پر اکسا کر اس لہولہان وادی کو اور زیادہ لال کرنے میں مصروف ہے۔

گیلانی نے کہا کہ ایسی مذموم کارروائیوں سے دشمن ایک تیر سے کئی شکار کر رہا ہے۔ ایک تو تحریک آزادی کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا رہا ہے اور دوسری طرف نامعلوم افراد کی آڑ میں معروف شخصیات کو نشانہ بنایاجا رہا ہے۔

محمد اشرف صحرائی نے شکیل احمد بخشی پر قاتلانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ شکیل احمد بخشی پر حملہ ایک گہری سازش کا نتیجہ ہے۔

صحرائی نے کہا کہ مسلمان آپس میں بھائی بھائی ہیں۔ اسلام نے مسلمان کے جان ومال اور عزت وآبرو کے تحفظ کی ہر مسلمان کو تاکید کی ہے۔

ڈیموکریٹک لبریشن پارٹی کے چیرمین ہاشم قریشی نے کہا کہ ایسے حملے سیاسی انتقام گیری اور نامعلوم بندوق کی کارستانی ہے۔انہوں نے شکیل بخشی کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔

پیپلز لیگ کے سینئر وائس چیئرمین محمد یاسین عطائی نے کہا کہ اس طرح کی کارروائیاں کسی بھی صورت میں قابل قبول نہیں ہیں۔ انہوں نے تحریک حریت کے سینئر رکن امتیاز حیدر پر سیفٹی ایکٹ کے اطلاق کو ایک غیر جمہوری عمل قرار دیتے ہوئے ان کی رہائی کا مطالبہ کیا۔

Leave a reply