قصور: کرین حادثہ، کیری ڈبہ اور موٹرسائیکل پر کنٹینر گرنے سے 4 افراد جاں بحق
قصور (باغی ٹی وی،ڈسٹرکٹ رپورٹرطارق نوید سندھو) کرین حادثہ، کیری ڈبہ اور موٹرسائیکل پر کنٹینر گرنے سے 4 افراد جاں بحق
تفصیل کے مطابق کوٹ رادھا کشن روڈ پر بلھے شاہ پیپر مل کے گیٹ نمبر 2 کے سامنے افسوسناک حادثہ پیش آیا۔ کرین کے ذریعے ایک کنٹینر کو اٹھاتے وقت اچانک بیلٹ ٹوٹنے کے باعث کنٹینر نیچے گر گیا۔ حادثے کے وقت ایک چنگان کیری ڈبہ اور ایک موٹر سائیکل وہاں سے گزر رہے تھے، جو کنٹینر کے نیچے آ گئے۔
حادثے کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق ہو گئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں مشتاق کالونی قصور کے رہائشی حاجی سرور اور ان کے بیٹے حاجی ناصر شامل ہیں، جو چنگان کیری ڈبہ میں سوار تھے۔ دونوں موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ اس کے علاوہ موٹر سائیکل پر سوار دو افراد بھی جان کی بازی ہار گئے۔
جاں بحق ہونے والے چاروں افراد کی لاشیں بلھے شاہ ڈسٹرکٹ اسپتال کے سرد خانے میں منتقل کر دی گئی ہیں۔ حاجی ناصر کے بیٹے کی سعودی عرب سے واپسی تک لاشوں کو سرد خانے میں رکھا جائے گا۔
واقعے کی خبر ملتے ہی علاقے میں کہرام مچ گیا اور عوام کی بڑی تعداد جائے حادثہ اور اسپتال پہنچ گئی۔