قصور (باغی ٹی وی بیوروچیف غنی محمود): قصور پولیس نے ایک اہم کارروائی کرتے ہوئے ایک خطرناک ڈکیت گینگ کے تین ارکان کو گرفتار کر لیا ہے۔ ڈی پی او قصور محمد عیسیٰ خاں کی ہدایت پر تھانہ چھانگا مانگا پولیس نے عدیل مسیح ڈکیت گینگ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ان تینوں ملزمان کو رنگے ہاتھوں دبوچ لیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے ساڑھے چار لاکھ روپے نقدی، دو موٹر سائیکلیں، موبائل فون اور اسلحہ برآمد ہوا ہے۔ ملزمان چھانگا مانگا جنگل اور آس پاس کے علاقوں میں راہگیروں سے نقدی، موبائل فون اور موٹر سائیکلیں چھیننے کی وارداتیں کرتے تھے۔
ایس ایچ او انسپکٹر محمد اسمعیل بھٹی کی سربراہی میں تشکیل دی گئی ایک خصوصی ٹیم نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے اس گینگ کو گرفتار کیا۔ ابتدائی تحقیقات میں ملزمان نے نواحی علاقوں میں ڈکیتی کی نو وارداتوں کا اعتراف کیا ہے۔ پولیس مزید تفتیش کر رہی ہے۔
ڈی پی او قصور محمد عیسیٰ خاں نے تھانہ چھانگا مانگا پولیس کی اس کامیابی پر انہیں مبارکباد دی ہے۔