پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ شفاف اور سیاسی انجینئرنگ سے پاک انتخابی نظام مضبوط جمہوری ریاست کی بنیاد ہے، خطے کی تیزی سے بدلتی ہوئی صورتحال میں پاکستان میں حقیقی منتخب نمائندوں کا ایوانوں میں ہونا ضروری ہے تاکہ آئندہ نسلوں کے لیے موثر قانون سازی اور درست سمت میں فیصلے لیئے جا سکیں۔
حکمرانوں کو انتخابی اصلاحات ترجیحی بنیادوں پر کرنی ہونگی۔ انتخابات میں دھاندلی کا نعرہ پاکستان کی جمہوریت پر بدنما داغ ہے جس سے جمہوریت اور جمہور کو شدید نقصان ہوتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ سینٹرل میں کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سید مصطفیٰ کمال نے مزید کہا کہ حکومت کو صرف پارلیمانی جماعتوں کو ہی انتخابی اصلاحات کا حصہ نہیں بنانا چاہیے بلکہ آل پارٹیز کانفرنس بلا کر تجاویز طلب کرنی چاہیے تاکہ متفقہ قومی رائے سے انتخابی عمل کو شفاف، سیاسی انجینئرنگ سے پاک اور الیکشن کمیشن کو غیر جانبدار اور مظبوط بنایا جا سکے۔
پاک سرزمین پارٹی پہلے روز سے عوام کی حکمرانی اور رائے کو اہمیت دلانے کی جدوجہد کر رہی ہے، اس کیلئے ہم نے نفرتوں کا خاتمہ کر کے تمام زبان بولنے والوں کو مل کر ملک کی ترقی کی خاطر جدوجہد کرنے کا پیغام دیا جس پر لبیک کہتے ہوئے آج کراچی سے کشمیر تک لوگ پاک سرزمین پارٹی کے قافلے کا حصہ بن رہے ہیں

Shares: