پشاور:کے پی حکومت نے سرکاری ملازمین سے کیا گیا ایک اور وعدہ پورا کردیا،اس سلسلے میں ترجمان کے پی حکومت بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کابینہ نے تمام ایڈہاک اساتذہ کو مستقل کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
ترجمان خیبرپختونخوا حکومت بیرسٹر سیف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ دیر میں اسکول کی دیوار گرنے کا افسوس ناک واقعہ پیش آیا تھا، واقعے میں ملوث اور ذمہ دار شخص پر ایف آئی آر درج کی گئی۔انہوں نے کہا کہ دیوار گرنے سے جان بحق بچی کے لواحقین کو 10 لاکھ اور زخمیوں کو 1، 1 لاکھ روپے کی رقم دی جائے گی، اسکول کا نام بھی شہید بچی جویرہ کے نام سے منسوب کیا گیا ہے۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ خیبرپختونخوا کابینہ نے تمام ایڈہاک اساتذہ کو مستقل کرنے کی منظوری دے دی ہے، 57 ہزار 579 اساتذہ کو مستقل کرنے کی منظوری دے دی گئی، کچھ اساتذہ بھرتی ہوئے ہے اور کچھ کی بھرتیاں بہت جلد کی جارہی ہیں۔
ترجمان خیبرپختونخوا حکومت نے کہا کہ آر ٹی آئی سرکاری اور نیم سرکاری 42 اداروں کی کارکردگی پر نظر رکھتی ہے، آلودگی اور روٹ پرمٹ سرٹیفکیٹ، فروٹ منڈی لائسنس اور دوسری چیزوں کی مانیٹرنگ کی ذمہ داری بھی آر ٹی آئی کو دی گئی۔
انہوں نے کہا کہ دریاؤں سے مائنگ نکالنے کے حوالے سے مائنگ ایکٹ میں ترامیم کی منظوری دے دی گئی، ترامیم کے تحت 5 سے 10 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیا جائے گا اور متعلقہ کمپنی کو بلیک لسٹ بھی کیا جائے گا۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ پشاور کے حلقے این اے 3 میں واقع 12 ٹیوب ویلز کو ڈبلیو ایس ایس پی کو دینے کی منظوری دے دی ہے، جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے سیکرٹری کو چیک پوسٹس قائم کرنے کا اختیار دے دیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ چند دن پہلے خیبر پختوںخوا کے ایڈہاک ملازمین اور اساتذہ کابنی گالہ کے باہر ریگولرائزیشن کے حق میں دھرنادیا تھا،اس موقع پر خیبر پختونخوا کےایڈہاک ملازمین اور اساتذہ کا کہناتھا کہ جب تک مطالبات منظور نہیں کیے جاتے تب تک دھرناجاری رکھیں گے،مظاہرین نے ڈیڈ لائن دیتے ہوئے کہا تھا کہ آج مطالبات پورے نہ ہوئے تو بنی گالہ کے اندر جا کر مارچ کرینگے۔
احتجاجی مظاہرے میں شریک ملازمین کا کہنا تھا کہ ہمیں بقایاجات اور انکریمنٹ کی ادائیگی یقینی بنائی جائے، جب تک ہمارے مطالبات منظور نہیں ہونگے ہم یہاں سے نہیں جائیں گے،مظاہرین کا یہ بھی کہنا تھا کہ جب صوبے میں مستقل نوکریاں موجود ہیں تو انہیں ایڈ ہاک پر بھرتی کیوں کیا جا رہا ہے، حکومت ہمیں مستقل نوکری دے،سال 2018 سے 2022 تک ایڈ ہاک پر بھرتی ہونے والے ملازمین کو مستقل کیا جائے اور سی پی فنڈ کو ختم کیا جائے۔
اس وقت سابق وزیراعظم نے وعدہ کیا تھا اور کہا تھا کہ بہت جلد ایڈہاک اساتذہ کو مستقل کردیا جائے گا،آج وہ وعدہ پورا کردیا گیا ہے