کم عمر شاگرد سے جسمانی تعلق پر امریکن استانی کوہوئی سزا
امریکی ریاست ایری زونا کی ایک عدالت نے 28 سالہ امریکن استانی برٹنی زیمورا [Brittany Zamora] کو 20 سال قید کی سزا سنا دی۔
تفصیلات کے مطابق برٹنی زیمورا کو رواں سال مارچ میں گرفتار کیا گیا تھا۔ زیمورا نے اعتراف کیا کہ اس نے ایری زونا کے شہر Goodyear کے ایک پرائمری اسکول Las Brisas کے طالب علم کو اپنے جال میں پھنسایا کیوں کہ وہ اس عمر کے لڑکوں کی جانب میلان رکھتی ہیں۔شادی شدہ استانی پر الزام تھا کہ اس نے اپنے ایک 13 سالہ شاگرد کو منظّم طریقے سے جنسی طور پر برانگیختہ کیا اور اس سے 8 مرتبہ جسمانی تعلق بھی قائم کیا۔
تیرہ سالہ لڑکا ان ہیجان انگیز جذبات کے خلاف مزاحمت نہ کر سکا اور زیمورا کی شیطانی خواہشات کی بھینٹ چڑھ گیا۔ اس کے بعد وہ منتظر رہنے لگا کہ کب اسے موقع ملے اور وہ پھر سے زیمورا کے پاس پہنچ جائے۔ اس غرض کے لیے اس نے اسکول سے چھٹی کرنا شروع کر دی اور گھر اور دوستوں سے بھی دور ہونے لگا۔ اس صورت حال نے شاگرد کے والد کو شک میں مبتلا کر دیا اور اس نے بچوں کی نگرانی کے لیے استعمال ہونے والی موبائل ایپلی کیشن کا سہارا لیا۔ اس طرح وہ زیمورا کی اپنے بیٹے کے ساتھ بات چیت اور ارسال کردہ تصاویر جاننے میں کامیاب ہو گیا۔
زیمورا کے شوہر کو ان تمام باتوں کا علم ہوا تو اس نے شاگرد کے والد کے ساتھ سمجھوتا کرنے کی پوری کوشش کی تا کہ پولیس اور عدالت تک بات نہ پہنچے۔ تاہم شاگرد کے والد نے اس کو مسترد کر دیا اور پولیس کو سارے معاملے سے آگاہ کر دیا۔ ٹھوس شواہد سامنے آنے پر پولیس نے فوری طور پر زیمورا کو گرفتار کر لیا۔ اس پر کم عمر بچے کے ساتھ جنسی تعلق قائم کرنے اور صریح جنسی پیغامات ارسال کرنے کے الزامات عائد کیے۔ اس کے علاوہ زیمورا کو اس کے کام سے بھی برخاست کر دیا گیا۔