خیبرپختونخوا (کے پی) کے متعدد اضلاع میں حالیہ مون سون بارشوں اور سیلابی ریلوں نے تباہی مچا دی، 14 ہزار 394 ایکڑ پر کھڑی 12 اقسام کی فصلیں تباہ ہو گئیں-

باغی ٹی وی : محکمہ زراعت کے مطابق حالیہ بارشوں اور سیلاب کی تباہ کاریوں کے باعث کے پی میں فصلیں اور سبزیاں پانی کی نذر ہوجانے سے کسانوں کو 3 ارب 66 کروڑ 27 لاکھ روپے سے زیادہ کا نقصان ہوا ہے۔

محکمہ زراعت کے مطابق کے پی میں مکئی کی 4 ہزار 543 میٹرک ٹن فصل اور 3 ہزار ٹن سے زیادہ مختلف اقسام کی سبزیاں سیلابی ریلوں کی نذر ہوئی جبکہ سب سے زیادہ 5 ہزار 140 میٹرک ٹن کجھوربھی ضائع ہوئی ہے۔

محکمہ لائیو اسٹاک کے ڈائریکٹر جنرل عالمزیب خان کے مطابق خیبر پختونخوا کے جنوبی وزیرستان، ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک اور کرک سمیت دیگر اضلاع میں حالیہ بارشوں اور سیلاب کے باعث 1261 مویشی اور تین ہزار 711 مرغیاں ہلاک ہوئیں جبکہ 65 جانوروں کے شیڈز کو مکمل اور84 کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔

ڈی جی محکمہ لائیو اسٹاک کے مطابق بارشوں اور سیلاب کے باعث صوبے میں 418 بڑے مویشی اور843 بھیڑ بکریاں ہلاک ہوئیں، ضلع ٹانک میں 229، جنوبی وزیرستان میں 274 جبکہ ڈیرہ اسماعیل خان میں بھِی 240 مویشی ہلاک ہوئے۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے آج بھی ملک کے مختلف شہروں میں موسلا دھاربارش کی پیشنگوئی کردی ہے محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ سندھ، بلوچستان، خیبرپختونخوا اور پنجاب میں گرج چمک کے ساتھ کل بھی بارش کا امکان ہے۔

سیلاب میں پھنسے 38,143 سے زائد افراد ریسکیو،وزیراعلیٰ کی ریلیف آپریشن مزید تیز…

محکمہ موسمیات نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی میں بھی موسلا دھار بارش کی پیشن گوئی کی ہے۔

محکمہ موسمیات نے موسلا دھار بارش کے باعث اسلام آباد، کراچی، حیدرآباد، راولپنڈی، لاہور، ملتان اور گوجرانوالہ کے نشیبی علاقے زیرآب آنے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق موسلا دھار بارش سے ایبٹ آباد، مانسہرہ، دیر ،کرک، بنوں، لکی مروت اور کشمیر کے مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے جب کہ کشمیر و خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں لینڈسلائیڈنگ بھی ہو سکتی ہے۔ لینڈ سلائیڈنگ کا امکان گلیات ، مری ، چلاس، دیامیر، گلگت، ہنزہ، استور اور اسکردومیں بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے سیاحوں اور مسافروں کو سفر کے دوران محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔

سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے دل کھول کر امداد فراہم کریں، سراج الحق کی اپیل

Shares: