خیبرپختونخوا میں بارش سے 5 افراد جاں بحق، چترال میں سیلابی صورتحال
خیبر پختونخوا میں ہونے والی حالیہ مون سون بارشوں سے ایک بچے سمیت 5 افراد جاں بحق ہوگئے جب کہ چترال کے مختلف علاقوں میں سیلابی صورت حال پیدا ہوگئی ہے۔
باغی ٹی وی رپورٹ کے مطابق صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی نے خیبر پختونخوا بھر میں ہونے والی حالیہ مون سون بارشوں سے ہونے والے جانی اور مالی نقصان کی تفصیلات جاری کردی ہیں، جس کے مطابق صوبے کے مختلف علاقوں میں حالیہ بارشوں کے باعث مختلف حادثات میں 5 افراد جاں بحق ہوئے ہیں جن میں 2 بچے اور ایک خاتون بھی شامل ہیں۔ بونیر اور مانسہرہ میں ایک ایک جب کہ شانگلہ میں 2 افراد جاں بحق ہوئے جب کہ ایبٹ آباد میں 5 سالہ بچہ برساتی نالے میں جان کی بازی ہار گیا۔
بارشوں کے دوران مختلف واقعات میں18افراد زخمی بھی ہوئے جن میں 6 خواتین اور ایک بچہ بھی شامل ہے۔ بارشوں سے 5 مکانات تباہ جب کہ 2 کوجزوی نقصان پہنچا، اس کے علاوہ ایک اسکول مکمل تباہ جب کہ 2 کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔
دوسری جانب چترال کے مختلف علاقوں میں سیلابی صورت حال پیدا ہوگئی ہے۔ ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سیلابی ریلے کے باعث ترچ، کوشٹ اور شیشیکوہ روڈ ہر قسم کی ٹریفک کی آمد و رفت کے لیے بند ہے۔