پاکستان شوبز انڈسٹری کی خوبرو اداکارہ کبریٰ خان کا کہنا ہے کہ جب سے دنیا شروع ہوئی ہے اور جب سے انڈسٹریز کی ایجاد ہوئی ہے، تب سے اقربا پروری چلتی آ رہی ہے اور اس پر بحث کرنا فضول ہے۔

باغی ٹی وی :’نامعلوم افراد، ویلکم ٹو کراچی، جوانی پھر نہیں آنی 2 اور پرواز ہے جنون‘ جیسی فلموں میں اداکاری کرنے والی کبریٰ خان اے آر وائے کے پروگرام ’گھبرانا منع ہے‘ میں شریک ہوئیں جہاں انہوں نے اداکار واسع چوہدری کے سوالات کے کھل کر جواب دیئے-

پروگرام میں کبریٰ خان کو جب بتایا گیا کہ انسٹاگرام پر ان کے 18 لاکھ فالوورز ہیں اور وہ بہت زیادہ ہیں تو اداکارہ نے میزبان واسع چوہدری کو کہا کہ شاید انہوں نے دوسرے لوگوں کے فالوورز نہیں دیکھے۔

کبریٰ خان نے مزید کہا کہ اگرچہ ان کے فالوورز زیادہ نہیں لیکن ان کے فالوورز مخلص ہیں، انہوں نے فالوورز کو نہ تو خریدا ہے اور نہ ہی انہوں نے کسی سے تعلقات رکھ کر انہیں بڑھایا۔

کبریٰ خان نے بتایا کہ سوشل میڈیا پر نہ صرف فالوورز خریدے جاتے ہیں بلکہ بعض لوگ فالوورز بڑھانے کے لیے تعلقات بھی استوار کرتے ہیں۔

اداکارہ نے مثال دی کہ امریکی اسٹار کم کارڈیشین اور کانیے ویسٹ نے تعلقات استوار کرکے اپنے فالوورز بڑھائے اور ایسے لوگوں کے اگرچہ حقیقی تعلقات ہوتے ہیں مگر وہ سوشل میڈیا پر انہیں زیادہ بولڈ انداز میں دکھا کر لوگوں کی توجہ حاصل کرتے ہیں۔

کبریٰ خان نے بتایا کہ انگلینڈ میں پیدائش اور لندن میں تعلیم حاصل کرنے کی وجہ سے ابتدائی طور پر انہیں اردو بولنے میں مشکل پیش آئی اور اب بھی ان کی اردو مکمل طرح ٹھیک نہیں۔

’اقربا پروری‘ پر بات کرتے ہوئے کبریٰ خان نے بتایا کہ جب سے دنیا شروع ہوئی ہے اور جب سے انڈسٹریز کی ایجاد ہوئی ہے، تب سے اقربا پروری چلتی آ رہی ہے اور اس پر بحث کرنا فضول ہے۔

کبریٰ کے مطابق شوبز انڈسٹری میں ایسے کئی اداکار ہیں جن کا تعلق شوبز خاندان سے نہیں ہے اور بہت سارے شوبز خاندان کے اداکار اپنی صلاحیتوں کی وجہ سے آگے بڑھ رہے ہیں۔

Shares: