کویت : کویت نے اسرائیل کے ساتھ تجارت، روابط اور حمایت کو قابل سزا جرم قرار دے دیا،اطلاعات کے مطابق اسرائیل کے ساتھ تجارت قابل سزا جرم، کویتی پارلیمنٹ نے قانون منظور کر لیا۔
کویت کی پارلیمنٹ نے ایک قانون منظور کیا ہے جس میں اسرائیل کے ساتھ تجارت کو قابل سزا جرم قرار دیا گیا ہے۔
پارلیمنٹ نے جو قانون منظور کیا ہے اس کے مطابق جو کویتی تاجر اسرائیل کے ساتھ تجارت کرے گا اسے ایک سال سے تین سال تک قید کی سزا دی جا سکے گی۔
یہ بل کویت کی پارلیمنٹ کے اراکین عدنان عبدالصمد، ڈاکٹر علی القطن، احمد الحمد، ڈاکٹر حشام الصالح اور خلیل الصالح نے پیش کیا۔
قانون میں کہا گیا ہے کہ جو کویتی تاجر دنیا کے کسی بھی خطے سے یہودی ریاست اسرائیل کے ساتھ یا اسرائیل کے کسی ادارے یا نجی کمپنی کے ساتھ بالواسطہ یا بلاواسطہ لین دین کرے گا اس پر یہ قانون لاگو ہو گا۔
قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کو پانچ ہزار کویتی دینار کا جرمانہ بھی ادا کرنا ہو گا۔
اسرائیل کے ساتھ کسی بھی طرح کی یکجہتی کا اظہار بھی قابل سزا جرم تصور کیا جائے گا۔کویت ہمیشہ سے ہی فلسطین کی آزادی کی حمایت کرتا ہے اور اسرائیل کے ساتھ تعلقات قائم کرنے سے انکار کر رہا ہے۔