لاہور : عید قربان پررنگ برنگے جانور مختلف ناموں سے ہر مرتبہ ہی دھوم مچا دیتے ہیں لیکن لاہور کی والٹن مویشی منڈی میں کالے ناگ نے پہلی مرتبہ دھوم مچادی، 6 فٹ اونچا،9 فٹ لمبا اور 17 من وزنی بیل شہریوں کی توجہ کا مرکز بن گیا.
دوسری طرف پاکستان بھر میں عید الاضحیٰ کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہوگئیں، مویشی منڈیوں میں گھمسان کا رن پڑ گیا، جانوروں کی خریداری کیلئے شہریوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، بیوپاریوں نے رش بڑھتے ہی آنکھیں ماتھے پر رکھ لیں، بڑے جانوروں کی 3 لاکھ اورعام بکروں کی قیمت 25 ہزار سے ایک لاکھ روپے تک مانگی جارہی ہے،
لاہور سے ذرائع کے مطابق اس مرتبہ بھی مویشی منڈیوں میں اعلیٰ نسلی کے خوبصورت جانور لائے گئے ہیں لیکن والٹن مویشی منڈی میں خوبصورت کالے ناگ نامی بیل کا مقابل کم از کم اس منڈی میں دکھائی نہیں دیتا،ناز نخروں سے پلنے والے بیل کا وزن 17 من ہے اور قیمت 5 لاکھ روپے ہے، اونچے لمبے بیل کے مالک نے کسی سٹیرائیڈز کے بغیر عام خوراک پر نشوونما کا دعویٰ کردیا ۔