لاہور،امن و امان کی مخدوش صورتحال، صحافی کے گھر چوری کی واردات،لاہور پریس کلب کی مذمت
لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری، سینئرنائب صدر ذوالفقارعلی مہتو، نائب صدر ناصرہ عتیق، سیکرٹری زاہد عابد، جوائنٹ سیکرٹری حافظ فیض احمد، خزانچی سالک نواز اور اراکین گورننگ باڈی نے دنیا نیوز کے سینئرکرائم رپورٹر عمر جاوید کے گھر چوری کی سفاکانہ واردات کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق واقعہ کے مطابق عمرجاوید کے گھرڈیفنس لاہورمیں ان کی گھریلو ملازمہ نے ساتھیوں کے ساتھ ملکر دن دیہاڑے ان کے والد، والدہ، بیوی اور دو معصوم بچوں کو نشہ آور اشیاءکھلاکر بے ہوش کردیا اور گھر سے لاکھوں روپے کی نقدی اور زیورات لیکررفوچکر ہوگئے جبکہ عمر جاوید ڈیوٹی سے رات گئے گھرپہنچے تو اہلخانہ بے ہوشی کی حالت میں تھے جنھیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کیاگیا ڈاکٹروں کے مطابق تمام افراد بے ہوشی کے سات گھنٹے بعد اسپتال پہنچائے جا سکے۔ ہسپتال میں تقریبا 24 گھنٹے موت و حیات کی کشمکش میں رہنے کے بعد اہلخانہ روبہ صحت ہوئے جو گھر منتقل ہوگئے ہیں تاہم واردات کرنے والوں کا تاحال کوئی سراغ نہیں مل سکا۔
لاہور پریس کلب کی گورننگ باڈی نے وزیراعلی پنجاب اور آئی جی پنجاب سے مطالبہ کیاہے کہ واقعہ کانوٹس لیکر اس واردات میں ملوث ملزمان کی گرفتاری فوری عمل میں لائی جائے۔