لاہور سمیت ملک بھر میں دھند کا راج ، کیا کیا ہوا متاثر
باغی ٹی وی رپورٹ کے مطابق لاہور سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں دھند کا راج برقرار، قومی شاہراہ پر حد نگاہ 50 میٹر، موٹروے ایم تھری، فور کو بند کر دیا گیا ہے۔ موٹروے پولیس نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کر دی، ملتان میں شدید دھند کے سبب پروازوں کا رخ بھی اسلام آباد کی طرف موڑ دیا گیا۔ سندھ کے بھی کئی شہر دھند کی لپیٹ میں ہیں۔ مختلف ٹریفک حادثات میں ایک شخص جاں بحق اور آٹھ زخمی ہوگئے۔
لاہور اور گردونواح میں دھند کی دبیز چادر پھیل گئی، ٹھوکر، چوہنگ، موہلنوال کے علاوہ مانگامنڈی میں شدید کہر کے سبب ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔پتوکی میں ٹرالر نے موٹرسائیکل سوارکو کچل دیا، وہاڑی میں 5 گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں جس سے 8 افراد زخمی ہو گئے۔ گگومنڈی، قصور، پاکپتن، چنیوٹ، پھولنگر اور پیر محل بھی شدید دھند کی لپیٹ میں ہیں۔ شجاع آباد، حبیب آباد ،رینالہ خورد، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین کے علاوہ ڈی جی خان، چیچہ وطنی، کسووال، اقبال نگر، میاں چنوں میں دھند سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔
آج ریکارڈ کیے گئے کم سے کم درجہ حرارت:سکردو،گوپس، منفی 09، کالام منفی 07، استور، بگروٹ،قلات منفی 06، پاراچنار منفی05، مالم جبہ، کوئٹہ منفی 04، دیر منفی 03، گلگت اور راولاکوٹ میں منفی 02 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔