لاہور:جمعرات تک لاہوریوں کواحتیاط کرنا ہوگی :ساری حقیقت سامنے آگئی ،اطلاعات کے مطابق محکمہ موسمیات نے لاہور میں بارشیں برسانے والے نظام سے متعلق اہم پیش گوئی کر دی ۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں آج بھی بادلوں کا راج برقرار رہا۔ شہر کے مختلف علاقوں میں بارش اور بوندا باندی کا سلسلہ جاری ہے۔ محکمہ موسمیات نے تیز بارش کی نوید سنا دی ہے، بارشیں برسانے والا موجودہ نظام جمعرات تک لاہور میں قیام پذیر رہے گا۔
دوسری جانب لاہور سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے، فیصل آباد میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا ۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہےکہ مون سون بارشوں کا نیا سلسلہ ملک میں داخل ہوگیا ہے، جس کے تحت اگلے چند روز تک وقفے وقفے سے بارشیں ہو سکتی ہیں۔
واضح رہے کہ ہفتے کے روز لاہور میں وقفے وقفے سے موسلا دھار بارش ہوئی جس سے جل تھل ایک ہو گیا ۔
شدید بارش سے جیل روڈ، شادمان ،جوہر ٹائون، مال روڈ، سمن آباد، گلشن روای،گلبرگ ، گڑھی شاہو، محمد نگر، شاد باغ ، ٹھنڈی کھوئی سمیت مختلف علاقوں میں نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ۔ کئی مقامات پر شاہراہوں بھی پانی میں ڈوب گئیں جس سے شہریوں کی گاڑیاں او رموٹر سائیکلیں بند ہونے سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگی رہیں جبکہ ٹریفک بھی سست روی کا شکار رہی