لکشمی چوک میں مقابلہ،ڈولفن اہلکاروں نے پیٹی بھائی مار دیا،وزیراعلیٰ کا نوٹس

0
38

لاہور کے علاقے لکشمی چوک میں پولیس مقابلے کا ڈراپ سین ہوگیا، مرنے والا شہری کامران خود پولیس کا اہلکار نکلا۔ پولیس کے مطابق لکشمی چوک میں ڈولفن اہلکاروں کی فائرنگ میں مارا گیا کامران خود پولیس اہلکار نکلا ہے۔

عینی شاہد کے مطابق پولیس کے ہاتھوں مارے گئے کانسٹیبل کامران کا منشیات فروش پطرس سے جھگڑا ہوا، جس کی فائرنگ سے پطرس زخمی ہوگیا۔ اہل علاقہ کے مطابق فائرنگ کے بعد کامران اپنے بہنوئی غضنفر کے ہمراہ موٹر سائیکل پر فرار ہوگیا، جس پر ڈولفن اہلکاروں نے اُس کا تعاقب کیا اور انہیں روکنے کی کوشش کی۔

اہل خانہ کے مطابق کامران کے نہ رکنے پر ڈولفن اہلکاروں نے فائرنگ کی، جس میں وہ مارا گیا جبکہ اُس کا بہنوئی غضنفر زخمی ہوا۔اہل خانہ کے مطابق ڈولفن اہلکاروں کی فائرنگ میں مارا گیا اہلکار کامران فی الحال نوکری سے معطل تھا۔ پولیس کے مطابق واقعے کے بعد مارے گئے کانسٹیبل کامران کی لاش اور 2 زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے لکشمی چوک میں ڈولفن فو رس کے اہلکاروں کی فائرنگ سے شہری کے جاں بحق ہونے کے واقعہ کا سخت نوٹس لے لیا،وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے انسپکٹر جنرل پولیس کو فوری فون کیا اور فائرنگ میں ملوث اہلکارو ں کے خلاف سخت قانونی کارووائی کا حکم دیا.

چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ فائرنگ کرنے والے اہلکاروں کو قانون کی گرفت میں لا کر مزید کارروائی کی جائے،جاں بحق شہری کے لواحقین کو ہر صورت انصاف فراہم کریں گے ،ایسا واقعہ ناقابل برداشت ہے ، ڈولفن فورس کے اہلکار عوام کی جان و مال کے محافظ ہیں ،فائرنگ کرنے والے اہلکاروں نے قانون ہاتھ میں لیا اور اب قانون اپنا راستہ لے گا، وزیر اعلی چودھری پرویز الٰہی نے جاں بحق شہری کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا.

Leave a reply