مغربی دنیا کو رسول اللہ صلی اللّٰه علیہ وسلم سے مسلمانوں کے تعلق کی نوعیت کا اندازہ ہی نہیں۔ہم گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کی مذمت کرتے ہیں
”ہفتہ عشق رسول صلی اللّٰه علیہ وسلم“ کے سلسلے میں ایل ڈی اے آفس جوہرٹاﺅن میں سیرت کانفرنس کا انعقاد
نعت خواں حضرات نے سرور کائنات کے حضور گلہائے عقیدت پیش کئے‘مقررین نے سیر ت طیبہ کے مختلف پہلوﺅں پر روشنی ڈالی
تفصیلات کے مطابق مغربی دنیا کو رسول اللہ صلی اللّٰه علیہ وسلم کے ساتھ مسلمانوں کے تعلق کی نوعیت کا اندازہ ہی نہیں،یہ تعلق محض عشق و عقیدت ہی نہیں بلکہ ایمان کی بنیاد ہے ۔مسلمان ا ن کے نام پر جان دینا سعادت اور باعث نجات سمجھتے ہیں۔یہ حقیقت مغرب والوں کی سمجھ سے بالا تر ہے ۔
ان خیالات کااظہار مقررین نے لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے زیر اہتمام ”ہفتہ عشق رسول صلی اللّٰه علیہ وسلم“کے سلسلے میں منعقدہ سیرت کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔
مقررین نے کہا کہ نبی کریم صلی اللّٰه علیہ وسلم کی حیات مبارکہ مسلمانوں کے لیے ایک مکمل ضابطہ حیات ہے اوراسی میں دنیا و آخرت کی کامیابی ہے۔ہمارے نبی صلی اللّٰه علیہ وسلم نہ صرف مسلمانوں کے لیے بلکہ مشرکین مکہ کے لیے بھی صادق اور امین تھے۔مقررین نے فرانس میں نبی آخر الزمان حضرت محمد صلی اللّٰه علیہ وسلم کے گستاخانہ خاکے شائع کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یورپی ممالک نبی اکرم صلی اللّٰه علیہ وسلم کی شان میں گستاخی کاسلسلہ بند کریں ، ان ممالک کے رہنماؤں کودنیا بھر کے مسلمانوں کے پیغمبر اسلام سے تعلق کی نوعیت اور عشق و عقیدت کا انداز ہے اور نہ ہی وہ اسے سمجھ سکتے ہیں۔
کانفرنس کا آغاز قاری کامران قادری بلبل نے تلاوت کلام پاک سے کیا۔ حاجی شہباز قادری نے حمد باری تعالیٰ اور الحاج عبد الوحید چشتی نے بارگاہ رسالت میں ہد یہ نعت پیش کیا۔ اس موقع پر مولانامحمد عبد اللہ آصف مصطفائی اور دیگر مقررین نے سیر ت طیبہ کے مختلف پہلوﺅں پر روشنی ڈالی ۔
سیرت کانفرنس میں ایل ڈی اے کی گورننگ باڈی کے ممبر انجینئر عامر ریاض قریشی ، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ہیڈ کوارٹرز فارقلیط میر ، چیف ٹاﺅن پلانر طارق محموداورایل ڈی اے کے دیگر افسران و ملازمین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔