گزشتہ شب لاہور میں لکس سٹائل ایوارڈز کا انعقاد کیا گیا اس تقریب میں جہاں بہت ساری سلیبرٹیز کو ان کے بہترین کام کی وجہ سے ایوارڈ سے نوازا گیا وہیں سینئر اداکارہ انجمن کو بھی لائف ٹائم اچیومنٹ سے نوازا گیا . انجمن نے اس حوالے سے کہا ہے کہ میں بہت شکر گزار ہوں لکس سٹائل ایوارڈ کی جیوری کی جنہوں نے مجھے یہ اعزاز بخشا انہوں نے کہا کہ مجھے زندگی میں ایوارڈ لیٹ ملے ہیں لیکن پھر بھی میں خوش ہوں کہ میری فن کے لئے خدمات کو سراہا تو جاتا ہے . انہوں نے کہا کہ سنگیتا بیگم نے خاص کر کے ان ایوارڈز میں میرے لئے شرکت کی وہ میری دکھ سکھ کی ساتھی ہیں ہماری دوستی فلم مہندی سے شروع ہوئی تھی اور آج تک جاری ہے. ہمارے درمیان کبھی بھی تلخی والا معاملہ نہیں ہوا .
انہوں نے یہ بھی کہا کہ میں نوجوان نسل کے نمائندہ فنکاروں کی بھی شکر گزار ہوں کہ وہ میرے کام کو سراہتے ہیں. فہد مصطفی اور علی ظفر نے میرے لئے جو الفاظ استعمال کئے ہیں جس طرحسے میرے کام اور میری خوبصورتی کی تعریف کی ہے میں ان کی شکر گزار ہوں انہوں نے اتنے اچھے الفاظ کا استعمال کرکے میری نہیں بلکہ اپنی عزت بڑھائی ہے. میں ان سب کی دل سے مشکور ہوں جو مجھ سے پیار کرتے ہیں اور مجھے عزت دیتے ہیں .