دنیا کی طرح ہمیں بھی آن لائن ٹیچنگ سے بھرپورفائدہ اٹھانا چاہیے ، گورنربلوچستان امان اللہ خان
کوئٹہ:دنیا کی طرح ہمیں بھی آن لائن ٹیچنگ سے بھرپورفائدہ اٹھانا چاہیے ، گورنربلوچستان امان اللہ خان ،اطلاعات کے مطابق گورنربلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی نے کہا ہے کہ دنیابھر میں سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے اس تیزرفتار اور ترقی یافتہ دور میں آن لائن ٹیچنگ، تعلیمی نظام کا اہم حصہ بن چکا ہے اور اسکی اہمیت اور افادیت میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے. جدید سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے ثمرات سے مستفید ہونے کیلئے ہمیں درس وتدریس کے اپنے روایتی طریقہ کار میں تبدیلی لانی ہوگی.
گورنر یاسین زئی نے صوبے کی تمام سرکاری یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز کو دورافتادہ اضلاع کے طلباء وطالبات کی آن لائن کلاسز تک رسائی کو ممکن بنانے اور انکو تمام ضروری سہولیات فراہم کرنے کی خصوصی ہدایت کی تاکہ انکا قیمتی وقت ضائع نہ ہو.
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز گورنرہاوس کوئٹہ میں صوبے کی تمام سرکاری یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا. اس موقع پر یونیورسٹی آف بلوچستان کے وائس چانسلر ڈاکٹر شفیق الرحمن، خضدار انجنئیرنگ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر احسان اللہ کاکڑ، بولان میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نقیب اللہ اچکزئی، یونیورسٹی آف تربت کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر، لورالائی یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مقصود احمد، ویمن یونیورسٹی کی قائم مقام وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر انجم، میر چاکرخان یونیورسٹی سبی کے وائس چانسلر ڈاکٹر علی نواز مینگل، بیوٹمز یونیورسٹی کے پرو-وائس چانسلر ڈاکٹر فیصل کاکڑ اور پرنسپل سیکرٹری ٹو گورنر بلوچستان نصراللہ جان موجود تھے۔
گورنربلوچستان نے وائس چانسلرز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی جدید سہولیات سے بھرپور استفادہ کرکے ہی ہم اپنے کے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں صحتمند ماحول کو فروغ دینے، تعلیمی معیار کو اونچا کرنے اور درس وتدریس کے طریقہ کار کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے میں کامیاب ہو جائینگے. گورنر یاسین زئی نے کہا کہ ہم جان لیوا کروناوائرس کے باعث صوبے کی تمام سرکاری یونیورسٹیوں میں جاری آن لائن کلاسوں اور بالخصوص دورافتادہ اضلاع کے ان طلبہ کو درپیش مشکلات کا بغور جائزہ لے رہے ہیں جو انٹرنیٹ تک رسائی حاصل کرنے کی سہولت سے محروم ہیں. اور اس ضمن میں پی ٹی اے کو بھی دورافتادہ علاقوں میں انٹرنیٹ کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لانے کی ہدایت کی ہے.
گورنر بلوچستان نے تمام وائس چانسلر پر زور دیا کہ وہ اپنے آئندہ ہونے والے اجلاس میں آن لائن کلاسز کے حوالے سے دورافتادہ اضلاع پر اپنی بھرپور توجہ مرکوز رکھتے ہوئے درپیش مشکلات سے متعلق اپنی رپورٹ پیش کرے تاکہ تمام وائس چانسلرز صاحبان اور دیگر متعلقہ ذمہ داران کی تجاویز اور مشاورت کی روشنی میں آن لائن کلاسوں کے حوالے سے حتمی فیصلہ کیا جائے.وائس چانسلرز اجلاس میں عالمی وبا سے پیدا ہونے والی صورتحال، انٹرنیٹ سہولت کی دستیابی اور اسٹوڈنٹس کو درپیش مشکلات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور اجلاس میں موجود شرکاء کی تجاویز اور سفارشات کے نتیجے میں کئی اہم فیصلے کئے گئے.#