لاس اینجلس: جنگلات میں نئی آگ، 31 ہزار افراد بےدخل

لاس اینجلس (باغی ٹی وی)امریکی ریاست کیلی فورنیا کے شہر لاس اینجلس کے شمال میں جنگلات میں نئی آگ بھڑک اٹھی ہے۔ کاسٹائک لیک کے قریب پہاڑوں پر شعلے تیزی سے پھیل رہے ہیں، جس کی وجہ سے ہنگامی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔

حکام کے مطابق آگ کے پیش نظر 31 ہزار افراد کو فوری انخلا کا حکم دیا گیا ہے، جبکہ 500 قیدیوں کو دیگر جیلوں میں منتقل کیا جا چکا ہے۔ طوفانی ہواؤں کے باعث محض دو گھنٹوں کے اندر آگ نے 5 ہزار ایکڑ رقبے کو لپیٹ میں لے لیا ہے۔

لاس اینجلس کاؤنٹی فائر ڈپارٹمنٹ اور اینجلس نیشنل فارسٹ کا عملہ آگ بجھانے کے لیے بھرپور کوششوں میں مصروف ہے۔ ہیلی کاپٹرز اور چھوٹے طیارے بھی آگ پر قابو پانے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم تیز ہواؤں اور مشکل جغرافیائی حالات کے باعث ریسکیو آپریشن میں مشکلات درپیش ہیں۔

لاس اینجلس پہلے ہی شدید جنگلاتی آگ کی تباہ کاریوں سے دوچار ہے۔ 7 جنوری سے مختلف مقامات پر لگنے والی آگ نے تقریباً 40 ہزار ایکڑ رقبے کو خاکستر کر دیا ہے اور کم از کم 27 افراد کی جان لے لی ہے۔ آگ سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں مسلسل جاری ہیں۔

Comments are closed.