پی ایس ایل 8 فائنل: ملتان کو شکست، لاہور مسلسل دوسری بار پی ایس ایل چیمپئن بن گیا

0
56

لاہور: پاکستان سپر لیگ 8 کے فائنل میچ میں لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کوشکست دے کر اپنے ٹائٹل کا کامیابی سے دفاع کرتے ہوئے دوسری مرتبہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) جیت لی۔

باغی ٹی وی: قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جانے والے لیگ کے فائنل میں لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے ملتان سلطانز کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ،اور مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 200 رنز اسکور کیے۔

لاہور قلندرز نے پی ایس ایل 8 کے فائنل میں جگہ بنا لی

قلندرز کی جانب سے عبداللہ شفیق 65 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ فخر زمان 39 اور مرزا بیگ 30 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے،کپتان شاہین شاہ آفریدی 15 گیندوں پر دھواں دار 44 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ پویلین لوٹے۔


وزیراعظم شہباز شریف نے لاہور قلندرز کی جانب سے کپتان شاہین شاہ آفریدی کی بلے بازی کو خوب سراہا اپنے ٹوئٹر پیغام میں شہباز شریف نے کہا کہ ایک اور آفریدی ایسی پاور ہٹنگ کررہا ہے۔

ملتان سلطانز کی جانب سے اسامہ میر نے 3 جبکہ انور علی، احسان اللہ اور خوشدل شاہ نے 1،1 وکٹ حاصل کی۔

لاہور قلندرز کی جانب سے دیئے گئے 201 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز کے اوپنرز محمد رضوان اور عثمان خان نے دھواں دار آغاز کیا لیکن 41 کے مجموعے پر عثمان خان ڈیوڈ ویسا کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ رائیلی روسو آئے، انہوں نے 57 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور کپتان کے ہمراہ 64 رنز کی پارٹنرشپ بنائی۔

روسو کو راشد نے 105 کے مجموعے پر بولڈ کیا، جس کے بعد 122 کے مجموعے پر محمد رضوان بھی راشد کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

لاہور کے کپتان شاہین آفریدی نے اننگز کے آغاز میں رنز دینے کے بعد اختتامی لمحات میں شاندار کم بیک کیا اور 146 کے مجموعے پر کیرون پولارڈ اور پھر جارح مزاج بلے باز ٹم ڈیوڈ کو بھی آؤٹ کر دیا-

آخری لمحات میں خوشدل شاہ نے 25 اور عباس آفریدی نے 17 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی لیکن ٹیم کو فتح سے ہمکنار نہ کرسکے۔

قلندرز کے شاہین آفریدی نے 4 وکٹیں لیں، راشد خان نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ ڈیوڈ ویسے کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔

لاہور قلندرز کے کپتان شاہین آفریدی نے کہا کہ آج بڑی گیم ہے ، کوشش کریں گے کہ اچھا ہدف دیں اس پچ پر 170 سے180 تک اچھا ہدف ہو گا ، ہماری ٹیم میں آج کوئی تبدیلی نہیں ہے ۔

ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان کا کہنا تھا کہ ہم بھی پہلے بیٹنگ کرنا چاہتے تھے ، ٹاس سے گھبرانا نہیں چاہیے ، اچھی کرکٹ کھیلنے پر توجہ ہوتی ہے ، ہماری ٹیم میں بھی کوئی تبدیلی نہیں ہے۔

پی ایس ایل 8 کے فائنل کا شیڈول تبدیل کردیا گیا

فائنل میچ سے قبل ایونٹ کی رنگا رنگ اختتامی تقریب بھی ہوئی جس میں نامور فنکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔

ملتان سلطانز کی قیادت محمد رضوان کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں عثمان خان، رائیلی روسو، کیرون پولارڈ، ٹم ڈیوڈ، خوشدل شاہ، انور علی، اسامہ میر، عباس آفریدی، شیلڈن کوٹریل اور احسان اللّٰہ شامل ہیں۔

شاہین شاہ آفریدی کی قیادت میں میدان میں آنے والی لاہور قلندرز کی ٹیم فخر زمان، طاہر بیگ، عبداللّٰہ شفیق، سیم بلنگز، احسان حفیظ بھٹی، سکندر رضا، ڈیوڈ ویسا، راشد خان، حارث رؤف اور زمان خان پر مشتمل ہے۔

میچ جیتنے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے شاہین نے کہا کہ میں نے سوچا تھا مشکل وقت ٹیم کے کام آؤں گا ، والدین کی دعاؤں سے جیت حاصل ہوئی۔

خیال رہے کہ لاہور قلندرز دوسری بار پی ایس ایل ٹائٹل جیتنے والی دوسری ٹیم بن گئی ہے۔ اس سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ بھی دو بار پی ایس ایل چیمپئن بن چکی ہے۔ ملتان سلطانز، کراچی کنگز، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی ایک ایک بار ایونٹ جیت چکےہیں۔

لاہور قلندرز کے اوپننگ بلے باز فخر زمان نے پی ایس ایل میں اہم سنگ میل عبور کرلیا فخر زمان نے پی ایس ایل میں 100 چھکے لگادیے وہ اس لیگ میں چھکوں کی سنچری کرنے والے پہلے کھلاڑی بھی بن گئے ہیں۔

دوسری جانب فخر زمان نے پی ایس ایل 8 کے فائنل میں اپنا پہلا چھکا لگا کر لیگ میں 100 چھکے مکمل کیےپی ایس ایل میں کامران اکمل نے 89، آصف علی نے 88 اور شین واٹسن نے 81 چھکے لگائے۔

Leave a reply